Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جب بھی ضرورت پڑے گی لاک ڈاؤن کیا جائے گا‘

بعض لوگ حفاظتی تدابیر کے سلسلے میں بے پروائی کر رہے ہیں (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشھلوب نے کہا ہے کہ جب بھی ضرورت پڑے گی ملک میں لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ فیصلہ متعلقہ کمیٹی کی سفارش پر ہوگا۔
سبق ویب کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان سے پریس کانفرنس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت میں حفاظتی انتظامات گے حوالے سوال کیا گیا تھا۔
 ترجمان نے کہا کہ فی الوقت موسم تبدیل ہو رہا ہے۔ گرمی رخصت ہو رہی ہے اور موسم سرما آرہا ہے۔ اس موقع پر فیملی تقریبات بڑھ گئی ہیں۔ بعض لوگ حفاظتی تدابیر کے سلسلے میں بے پروائی برتنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے ایک اچھی بات یہ نوٹ کی ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے سلسلے میں سماجی شعور مضبوط ہوا ہے۔ دوسری جانب منفی صورت حال یہ ابھرنے لگی ہے کہ جس طرح ایس او پیز کی پابندی کی جا رہی تھی اب لوگ اس میں کوتاہی برتنے لگے ہیں۔ کئی لوگوں نے حفاظتی ماسک پہننا بند کردیا ہے جبکہ تقریبات کے حوالے سے بھی خلاف ورزیاں ہونے لگی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سب لوگ، افراد ہوں یا ادارے احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔ یاد رکھیں کہ حالات کے معمول پر آنے کا مطلب یہ نہیں کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔ ہر شخص کا فرض ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
 

شیئر: