’اسلام کے نہیں انتہا پسندوں کے خلاف ہیں‘
جمعرات 5 نومبر 2020 14:17
فرانس میں گستخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد متعدد شدت پسند حملے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
فرانسیسی صدر ایمینوئل میکخواں نے کہا ہے کہ فرانس اسلام کے خلاف نہیں بلکہ ’اسلامی انتہا پسندوں‘ کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق فرانسیسی صدر ایمینوئل میکخواں نے کہا ہے کہ وہ کسی کو بھی فرانس کے بارے میں یہ دعویٰ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے کہ ان کا ملک یا حکومت مسلمانوں کے خلاف نسل پرستی کو بڑھاوا دے رہی ہے۔
صدر ایمینوئل میکخواں نے برطانوی جریدے فائنینشل ٹائمز کو لکھے گئے خط میں اپنے بیانات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کی مذہب کے خلاف جنگ نہیں لڑ رہا بلکہ نفرت اور موت کے خلاف لڑ رہا ہے جو اس کے بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ فائنینشل ٹائمز نے منگل کے روز صدر ایمینوئل میکخواں کے بارے میں مضمون شائع کیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فرانسیسی صدر کی اسلامی علیحدگی پسندی کی مذمت فرانس میں مسلمان مخالف ماحول کو بڑھاوا دے رہی ہے۔
ایمینوئل میکخواں نے فائنینشل ٹائمز کے مضمون کے بارے میں کہا تھا ان کے بیانات کے حوالے سے غلط بیانی کی گئی ہے جس کے بعد برطانوی جریدے نے مضمون اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا تھا۔
مضمون کے جواب میں ایمینوئل میکخواں نے فائنینشل ٹائمز کے ایڈیٹر کو لکھے گئے خط میں کہا کہ جریدے نے ان پر الزام عائد کیا ہے انہوں نے انتخابی مقاصد کے لیے فرانس کے مسلمانوں کو بدنام کیا ہے۔