بیرونی عمرہ زائرین نے مسجد الحرام میں پہلی نماز جمعہ ادا کی
بیرونی عمرہ زائرین نے مسجد الحرام میں پہلی نماز جمعہ ادا کی
جمعہ 6 نومبر 2020 14:55
عمرہ زائرین کو آب زم زم کی بوتلیں دی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
بیرون ملک سے آئے ہوئے عمرہ زائرین نے کورونا احتیاطی تدابیر کے تحت مسجد الحرام میں پہلی نماز جمعہ ادا کی۔ یاد رہے بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کا پہلا قافلہ گزشتہ ہفتے یکم نومبر کو ارض مقدس پہنچا تھا۔
پاکستان اور انڈونیشا سے آنے والے عمرہ زائرین کو جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے احتیاطی تدابیر کے ساتھ مکہ مکرمہ کے مقررہ ہوٹلوں میں پہنچایا گیا تھا بعدازاں انہیں 3 دن آئسولیشن میں رکھنے کے بعد ایس او پیز کے تحت عمرہ کی ادائیگی کےلیے مسجد الحرام لے جایاگیا۔
ویب نیوز ’عاجل‘ کے مطابق تقریبا 8 ماہ سے کورونا وائرس کی وجہ سے عمرہ پر پابندی کے بعد مرحلہ وار معتمرین کو مکہ مکرمہ جانے کی اجازت دی گئی تھی جس کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں مملکت میں مقیم غیر ملکی اور مقامی افراد کےلیے مخصوص شرائط کے تحت عمرہ ادا کرنے کی اجازت جاری کی گئی تھی جبکہ تیسرے مرحلے میں بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے پابندیاں یکم نومبر سے اٹھائی لی گئی ہیں ۔
تیسرے مرحلے میں جس کا آغاز ماہ رواں سے کیا گیا ہے میں محدود تعداد میں بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہوگئی اس ضمن میں مملکت پہنچنے والے عمرہ زائرین نے حرم مکی الشریف میں پہلی نماز جمعہ مکمل احتیاطی تدابیر کے تحت ادا کی۔
بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کو انکی رہائشی عمارتوں سے حرم مکی الشریف لانے کےلیے کارکنوں نے مقررہ ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کیا اس دوران حرم شریف کے داخلی راستوں پر زائرین کو تھرمل کیمروں سے بھی گزارا گیا اور ہر زائر کو حرم شریف داخل ہوتے وقت آب زم زم کی بوتل بھی دی گئی