مریضوں میں ایک 23 ماہ کا بچہ بھی شامل تھا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
ریاض کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر (کے ایف ایس ایچ اینڈ آر سی) نے ایک ہی وقت میں پانچ مختلف مریضوں میں پانچ جسمانی اعضاء کی پیوندکاری کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سپیشلسٹ ہسپتال میں لائے گئے 24 سالہ سعودی مریض کے جسم کے اہم اعضاء کی پیوندکاری کے لیے عطیہ کرنے پر مریض کے لواحقین نے رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔ مریض کار حادثے کے بعد دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔
ہسپتال میں داخل مختلف امراض میں مبتلا پانچ مریضوں کو 10 گھنٹے کے اندر اندر عطیہ کیے گئے اعضاء کی پیوند کاری کر کے ان مریضوں کی زندگیاں بچا لی گئیں۔
اعضاء کی خرابی میں مبتلا پانچ مریضوں میں چھوٹی آنتوں ، جگر، دل اور گردے کے مریض تھے جن میں ایک 23 ماہ کا بچہ بھی شامل تھا۔
ریاض میں فیصل ہسپتال کے مختلف شعبوں کےافراد نے ماہر سرجنز کے ساتھ ان آپریشنز میں حصہ لیا۔
کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کےسربراہ ڈاکٹر ماجد الفیاض نے عرب نیوز کو بتایا کہ اس طرح کی اعلیٰ ترین سرجری دنیا بھر کے چند جدید ہسپتالوں میں ہی کی جاتی ہے۔
اس کے لیے اعلیٰ اور ماہر طبی ٹیموں کے ساتھ ہسپتال میں بہترین انفراسٹرکچر موجود ہے جس میں جدید آپریٹنگ رومز، لیبارٹری، ریڈیالوجی اور دیگر خصوصی طبی سہولتیں شامل ہیں۔
ڈاکٹر ماجد الفیاض نے بتایا کہ عطیہ دہندہ سے اعضاء حاصل کرنے کے لیے سرجیکل ٹیموں نے ساری رات کام کیا، جبکہ ماہر ڈاکٹرز اور سرجنز کی دیگر ٹیموں نے پانچ مختلف مریضوں میں ان اعضا کی پیوند کاری پر کام کیا۔
پانچوں مریضوں میں ایک 36 سالہ خاتون تھی۔ ایک 34 سالہ مرد، ایک 60 سالہ خاتون، ایک 63 سالہ لڑکا جب کہ ایک 23 ماہ کا بچہ بھی ان مریضوں میں شامل تھا۔
الفیاض نے بتایا کہ فیصل سپشلسٹ ہسپتال آنتوں کی پیوند کاری کے لیے دنیا بھر میں چند ہسپتالوں میں سے ایک ہے۔
کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کی میڈیکل ٹیموں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پانچوں مریضوں کی صحت ٹھیک ہے اور ان میں سے بیشتر کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج بھی کردیا گیا ہے۔