کنگ فیصل ایوارڈ یافتگان کے ناموں کا اعلان
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
ریاض ۔۔۔۔ کنگ فیصل عالمی ایوارڈ یافتگان کے نامو ںکا اعلان کردیا گیا۔ ہر سال اسلامی خدمات ، اسلامک اسٹڈیز ، عربی زبان و ادب ، طب اور سائنس میں منفرد روزگار کارنامے انجام دینے والوں کو شاہ فیصل عالمی ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے۔شہزادہ خالد الفیصل نے کنگ فیصل ایوارڈ اور فیصل فاﺅنڈیشن کی مسلسل سرپرستی پر خادم حرمین شریفین اور انکے ولی عہد کو خراج قدرو منزلت پیش کیا۔ ایوارڈ انتظامیہ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالعزیز السبیل نے انعام یافتگان کے ناموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ امسال اسلامی خدمات ایوارڈ سوڈان کی انٹرنیشنل افریقیہ یونیورسٹی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اسلامک اسٹڈیز ایوارڈ مجوزہ ناموں میں سے کسی ایک کے بھی مقررہ شرائط پر پورا نہ اترنے کے باعث روک لیا گیا۔ عربی زبان اور عصر حاضر کے چیلنج کے عنوان سے امسال ایوارڈ مراکش کے ڈاکٹرعبدالعالی محمد ودغیری اور قاہرہ یونیورسٹی کے مصری پروفیسر ڈاکٹر محمود فہمی حجازی کو دینے کا فیصلہ کیاگیا۔ میڈیسن ایوارڈ امریکہ کے ڈاکٹر بیورن اولسن اور اسٹیفن ٹائٹنہم کے نام کیا گیا۔ سائنس ایوارڈ امریکہ کے ڈاکٹر ایلن جوزف برٹ اور ڈاکٹر جون فرشے کو دیا جائیگا۔ کنگ فیصل ایوارڈکا آغاز 1397ھ مطابق 1977ءکو ہوا تھا۔پہلا کنگ فیصل ایوارڈ اسلامی خدمات ، اسلامک اسٹڈیز اور عربی زبان و ادب میں 1979ءکے دوران دیاگیا۔