عدالت کا ارنب گوسوامی کو عبوری ضمانت دینے سے انکار
عدالت کا ارنب گوسوامی کو عبوری ضمانت دینے سے انکار
پیر 9 نومبر 2020 13:37
ارنب کی گرفتاری کے بعد انڈیا میں ایک بار پھر عدلیہ کے نظام پر بحث چھڑ گئی ہے۔ (فوٹو اے ایف پی)
انڈیا کے معروف ٹی وی اینکر اور صحافی ارنب گوسوامی کو مہاراشٹر کی عدالت عالیہ نے عبوری ضمانت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق انوے نایک خودکشی کے معاملے میں بامبے ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ ارنب ذیلی عدالت سے ضمانت کے لیے رجوع کر سکتے ہیں لیکن انھیں ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت نہیں دی جا سکتی ہے۔
قانونی امور کی ویب سائٹ لائو لا کے مطابق ارنب گوسوامی نے اس کے بعد ذیلی عدالت میں ریگولر ضمانت کے عرضی داخل کی ہے۔
دو سال قبل انٹیریئر ڈیزائنر انوے نایک اور ان کی والدہ کومد نایک کی خودکشی کے مبینہ سبب کے معاملے میں ان پر مقدمہ چلا تھا جسے ریپبلک ٹی وی کے مطابق بند کر دیا گیا تھا۔
مئی میں ڈیزائنر کی بیٹی ادنیا نایک نے ایک شکایت درج کی تھی جس کے بعد مہاراشٹر کے وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ خودکشی کے کیس کی تحقیقات ہو رہی ہے۔
ارنب کی گرفتاری کے بعد انڈیا میں ایک بار پھر عدلیہ کے نظام پر بحث چھڑ گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق انوے نایک کی اہلیہ اکشتا نے اس سے قبل کہا تھا کہ ’ارنب سشانت سنگھ راجپوت کے معاملے میں کہتے رہے کہ گرفتاری ہونی چاہیے حالانکہ وہاں کوئی سوسائڈ نوٹ بھی نہیں تھا۔ میرے شوہر نے اپنی موت کی وجہ بتاتے ہوئے سوسائڈ نوٹ چھوڑا جس میں ارنب اور دو دوسرے افراد کا ذکر ہے لیکن اس پر کوئی گرفتاری نہیں ہوئی یہ کیسا انصاف ہے۔‘