Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارنب گوسوامی کی درخواست ضمانت منظور، رہائی کا حکم

ارنب گوسوامی کو ایک ہفتہ قبل خودکشی کے لیے اکسانے کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا کی سپریم کورٹ نے بدھ کو ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی کی ضمانت منظور کر لی۔
اس سے قبل ممبئی ہائیکورٹ نے عبوری ضمانت کی درخواست پر کئی دنوں تک سماعت کے بعد پیر کو اسے مسترد کر دیا تھا اور ریگولر ضمانت کے لیے سیشن کورٹ جانے کا کہا گیا تھا۔
اس کے بعد ارنب کے وکیل نے سپریم کورٹ میں درخواست دی جسے فوری طور پر سماعت کے لیے قبول کر لیا گیا اس پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نے سوال اٹھائے تھے۔
خود کشی کے لیے اکسانے کے الزام میں ارنب سمیت دو ملزموں کو بھی ضمانت دی گئی ہے۔ عدالت نے مہاراشٹر کی جیل انتظامیہ اور کمشنر کو ہدایات جاری کر دی ہیں اور کہا گیا ہے کہ رہائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
بدھ کو سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ ذیلی عدالت سے ضمانت کی شرائط عائد کرنے کے لیے کہتی تو اس میں مزید دو دن لگ جاتے، لہٰذا جیل انتظامیہ کو 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر رہائی کا حکم دیا گیا ہے۔

 
کیس کی سماعت جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس اندرا بینرجی کے بنچ نے کی۔ سماعت کے دوران جسٹس چندرچوڑ نے کہا کہ 'اگر عدالت اس معاملے میں مداخلت نہیں کرتی ہے تو وہ تباہی کی راہ پر گامزن ہوگی۔'
ارنب کے وکیل ہریش سالوے نے ضمانت کے حق میں استدعا کرتے ہوئے سوال اٹھایا 'کیا ارنب گوسوامی دہشت گرد ہیں؟ کیا ان پر قتل کا الزام ہے؟ انھیں ضمانت کیوں نہیں دی جاسکتی؟'
خیال رہے کہ ارنب گوسوامی کو گذشتہ بدھ کے دن 'خودکشی' کے ایک پرانے معاملے میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انھوں نے گرفتاری کے دوران پولیس پر ان سے اور اہل خانہ سے مارپیٹ کا الزام لگایا تھا۔
 

شیئر: