Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ خانز کا انڈین ٹی وی اینکرز پر مقدمہ

سشانت کیس کی تحقیقات کے دوران دیپکا پر منشیات لینے کا الزام لگایا گیا۔ فوٹو اے ایف پی
گذشتہ روز ممبئی میں بجلی کا جانا جس طرح غیر متوقع تھا اسی طرح بالی وڈ کے ستاروں کا دو نیوز چینلز اور چار اینکرز کے خلاف مقدمہ دائر کرنا بھی اتنا ہی غیر متوقع تھا۔
پروڈیوسر گلڈ آف انڈیا سمیت فلم انڈسٹری کی چار تنظیموں اور 34  فلمسازوں نے ریپبلک ٹی وی اور ٹائمز ناؤ ٹی وی چینلز سمیت ان کے چار اینکرز اور صحافی ارنب گوسوامی، پردیپ بھنڈاری، راہل روی شنکر اور نویکا کمار کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی ہے کہ ان سب کو غیر ذمہ دارانہ اور توہین آمیز تبصرے کرنے سے باز رکھا جائے۔ 
درخواست گزاروں میں کرن جوہر، شاہ رخ خان، سلمان خان، انیل کپور، اجے دیوگن اور عامر خان جیسے بڑے اداکاروں کی فلم پروڈکشن کمپنیاں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ بعض ٹی وی چینلز نے اداکار سشانت سنگھ کی موت کی وجہ قتل قرار دیا تھا اور کیس کی جانچ کے دوران منشیات کے استعمال کا پہلو سامنے آنے پر بالی وڈ میں بھی منشیات کے استعمال کا الزام لگایا تھا۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ بالی وڈ کو ان مذکورہ ٹی وی چینلز اور ان کے اینکرز کے ذریعے بے جا نشانہ بنایا گیا ہے اور اس سے انھیں ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ بالی وڈ میں کام کرنے والوں کی ذاتی زندگیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

 سلمان خان اور عامر خان سمیت دیگر نے انڈین اینکرز پر مقدمہ دائر کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

اس کے ساتھ انھوں نے ٹی وی چینلز پر یہ الزام بھی لگایا ہے کہ انھوں نے پوری بالی وڈ انڈسٹری کو عوام کی نظروں میں جرائم کی دنیا سے وابستہ ٹھہرایا ہے اور اسے ’منشیات کا اڈہ‘ اور اس کی ’لت میں گرفتار‘ بتایا ہے۔
دی انڈین ایکسپریس اخبار کے مطابق جن پروڈکشن ہاؤسز نے ریپبلک ٹی وی اور ٹائمز ناؤ ٹی وی چینلز سمیت ان کے چار اینکرز کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے، ان میں فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز گلڈ آف انڈیا (پی جی آئی)،عامر خان پروڈکشنز، اجے دیوگن فلمز، انیل کپور فلم اینڈ کمیونیکیشن نیٹ ورک، ارباز خان پروڈکشنز، رائے کپور فلمز، سلمان خان فلمز کے علاوہ کرن جوہر، شاہ رخ خان اور عامر خان کی فلم پروڈکشن کمپنیاں شامل ہیں۔
جن افراد پر مقدمہ دائر کیا گیا ہے ان کی جانب سے ابھی کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

شیئر: