Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور انڈیا کے درمیان شدید جھڑپیں

لائن آف کنٹرول پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان کشیدگی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ انڈین فوج نے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رکھ چکری اور خنجار سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے بیان میں انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے کپواڑہ میں انڈین فوج اور شدت پسندوں کے درمیان ایک جھڑپ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس مقابلے میں چار انڈین فوجی مارے گئے۔
’انڈین فوج نے ہزیمت سے بچنے کے لیے 13 نومبر کو ایل او سی پر فائرنگ کی اور دانستہ طور پر پاکستان کی شہری آبادی کو نقصان پہنچایا۔‘

 

بیان کے مطابق انڈین فوج کی فائرنگ سے پاکستان کے چار شہری ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ انڈین فوج نے ایل او سی پر بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی جبکہ مختلف سیکٹرز میں توپ خانے کا بھی استعمال کیا۔
’انڈین فوج کی فائرنگ سے پاکستان کے ایک فوجی کی جان چلی گئی جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔‘
’انڈین فوج نے وادی نیلم، وادی لیپہ، وادی جہلم اور وادی باغ کو نشانہ بنایا۔پاکستانی فوج نے انڈین فوج کو موثر جواب دیا اور فائرنگ کرنے والی انڈین چوکیوں کو نشانہ بنایا۔‘
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی میں انڈین فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا۔ انڈین میڈیا نے بھی اپنی فوج کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق کی۔‘
پاکستان فوج کے مطابق انڈیا کی جانب سے تسلیم کیے جانے والا نقصان اس سے کہیں زیادہ ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’انڈین فوج کی فائرنگ دونوں ممالک کے درمیان 2003 کے سیز فائز معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق ’انڈین فوج کی فائرنگ 2003 کے سیز فائز معاہدے کی خلاف ورزی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

بیان کے مطابق انڈیا کی اس طرح کی اشتعال انگیزیوں کا آئندہ بھی اسی طرح جواب دیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلے میں تین انڈین فوجیوں اور تین عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے پانچ دن بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔
انڈین فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ ’پاکستانی فوج نے مارٹر گولوں اور دیگر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔‘
اے ایف پی کے مطابق انڈین فوج کے بیان کے مطابق تازہ جھڑپوں میں کیرن سیکٹر پر تین انڈین فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جبکہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی پولیس نے ایل او سی پر جھڑپوں میں تین شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا اور دیگر انڈین ذرائع ابلاغ نے فوج کے حکام کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز میں جھڑپوں میں انڈین فوج کے تین اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

شیئر: