پاکستان انڈیا کشیدگی سے افغان امن عمل متاثر ہوگا ، امریکہ
امریکی حکام کی کوشش ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے مابین حالیہ تنازع کوافغانستان پر اثرانداز ہونے سے روکا جائے جہاں امن کے لیے افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات جاری ہیں ۔
خبررساں ادارے رائٹرز نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کے اعلی حکام سے رابطہ کر کے انڈیا کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے ۔ اس سے قبل اسلام آباد میں حکام نے امریکہ کو پاکستان انڈیا کشیدگی کے افغان امن عمل پر مرتب ہونے والے اثرات سے خبردار کیا تھا ۔
14فروری کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں ہونے والے حملے اور پاکستان میں انڈین طیاروں کی فضائی کارروائی کے بعد سے امریکی حکومت دونوں ملکوں پر کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیتی رہی ہے ۔
رائٹرز کے مطابق ایک سینئرامریکی اہلکار نے بتایا کہ پاکستان نے انڈیا سے کشیدگی بڑھنے پر ان الفاظ میں خبردار کیا کہ ’وہ مصالحت کار اور ثالث کے طور پر کام کرنا چھوڑ دیں گے، وہ طالبان مذاکرات کے لیے دباؤ ڈالنا بھی چھوڑ دیں گے۔‘
خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان میں حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اگر انڈیا کے ساتھ کشیدگی بڑھ کر بحران کی شکل اختیار کرتی ہے تو افغان امن عمل کھٹائی میں پڑسکتا ہے ۔
افغان طالبان کے امریکی حکام کے ساتھ امن عمل کے لیے مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحا میں جاری ہیں جس میں 17سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے کسی معاہدے پر پہنچنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے ۔
پاکستان نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں ہونے والے دھماکے میں ملوث ہونے کا الزام مسترد کیا تھا تاہم پلوامہ حملے کی ذمہ داری عسکری تنظیم جیش محمد نے قبول کی تھی جس کے بارے میں انڈیا کادعوی ہے کہ وہ پاکستان سے کام کرتی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کشیدگی برقرار رہتی ہے تو پاکستان کو اپنی تمام تر توجہ مشرقی سرحد کی جانب مبذول کرنا پڑے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر انڈیا کے ساتھ بحران اسی طرح رہتا ہے تو پاکستان کو اپنی مکمل توجہ مشرقی سرحد پر کرنا پڑے گی جس سے مغربی محاذ پرہماری کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔‘
واشنگٹن میں موجود پاکستانی اہلکار نے بتایا کہ جب سے انڈیا کے ساتھ کشیدگی بڑھی ہے پاکستان کی توجہ افغانستان پر نہیں رہی جس کے اثرات طالبان امریکہ مذاکرات پر مرتب ہوسکتے ہیں ۔
پاکستان اور افغانستان کے لیے سابق امریکی خصوصی نمائندے ڈان فیلڈ مین کے مطابق پاکستان انڈیا کشیدگی سے افغان امن مذاکرات متاثر ہوسکتے ہیں کیونکہ پاکستان کے انڈیا کے ساتھ معاملات کو دیکھنے والے کئی اہلکار افغانستان کے ساتھ معاملات بھی دیکھتے ہیں ۔