’کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں‘
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ’کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے عالمی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں‘۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الجبیر نے پیرس امن فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب اپنا یہ ہدف جلد حاصل کرنے کا خواہش مند ہے۔ چاہتے ہیں کہ دنیا بھر کی اقوام کو کورونا وبا سے بچاو کے سلسلے میں تعاون دیا جائے‘۔
انہوں نے کورونا وبا کے انسداد کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششو ں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ’ مملکت نے سال رواں کے دوران جی ٹوئنٹی کے قائدین کی سربراہ کانفرنس بلائی تھی۔ مملکت نے یہ اقدام وبا پر قابو پانے کے سلسلے میں اپنا فرض ادا کرنے کے جذبے سے کیا‘۔
انوہں نے کہا کہ ’سعودی عرب کو احساس ہے کہ عالمی وبا پر قابو پانے کے لیے مشترکہ عالمی جدو جہد ضروری ہے اس کے بغیر بات نہیں بنے گی‘۔
الجبر نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب نے وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی ادرہ صحت کو مالی تعاون دیا جبکہ کورونا وائرس کے مسائل سے نمٹنے کےلیے جاری بین الاقوامی کوششوں میں حصہ لینے کے لیے 500 ملین ڈالر دیے۔ مملکت نے وبا پر قابو پانے کے لیے کئی ملکوں کی مدد بھی کی ہے‘۔