Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صرف ویکسین کورونا کو نہیں روک سکتی‘

حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ ویکسین کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کے لیے کافی نہیں ہوگی۔ 
دوسری جانب امریکہ کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی موڈرنا نے دعویٰ کیا ہے کہ کلینکل ٹرائلز کے ابتدائی نتائج کے مطابق اس کی کورونا کی ویکسین 94.5 فیصد موثر ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا نے اپنے آغاز کے کئی ماہ بعد شدت اختیار کی۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس وبائی مرض سے پانچ کروڑ 44 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس سے 13 لاکھ 18 ہزار افراد سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق سنیچر کو چھ لاکھ 60 ہزار 905 کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ جمعے کو چھ لاکھ 45 ہزار 410 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
یہ تعداد سات نومبر کے کیسز سے بڑھ گئی تھی۔ سات نومبر کو چھ لاکھ 14 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر ویکسین کی فراہمی محدود ہوگی۔ ویکسین لگانے کے لیے ہیلتھ ورکرز، عمر رسیدہ افراد اور کورونا وائرس کے خطرے سے دوچار افراد کو ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ویکسین کے آنے سے اموات کی تعداد میں کمی ہو جائے گی جبکہ صحت کا نظام بھی اس قابل ہو جائے گا کہ اس وبا پر قابو پایا جا سکے۔
تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے خبردار کیا کہ پھر بھی کورونا وائرس پھیلنے کا امکان ہوگا، اس کے لیے نگرانی رکھنے کی ضرورت ہوگی۔

کئی دواساز کمپنیاں ویکسین بنانے میں مصروف ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ ویکسین آنے کے بعد بھی ٹیسٹوں کی ضرورت ہوگی، متاثرہ افراد کو الگ رکھنے کی ضرورت ہوگی اور ان لوگوں کی بھی نگرانی کی ضرورت ہوگی جن سے کورونا وائرس کے متاثرہ افراد ملے ہوں۔

’کورونا کی ویکسین 94.5 فیصد موثر‘

امریکہ کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی موڈرنا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کلینکل ٹرائلز کے ابتدائی نتائج کے مطابق اس کی کورونا کی ویکسین 94.5 فیصد موثر ہے۔
موڈرنا کے سی ای او سٹیفن بانسل کا کہنا ہے کہ اس کے فیز تھری کے مطالعے سے اس بات کی توثیق ہوتی ہے کہ ہماری ویکسین شدید بیماری سمیت کورونا کی بیماری سے بھی بچا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موڈرنا اکیلے اس مسئلے کو حل نہیں کرے گی۔ اس وبا کو ختم کرنے کے لیے کئی ویکسین درکار ہوں گی۔

فائزر نے کہا تھا کہ اس کی ویکسین کورونا وائرس کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ایک ہفتہ قبل دوا ساز کمپنیوں فائزر اور بائیو این ٹیک نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے مل کر ایک ویکسین تیار کی جو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 90 فیصد تک موثر ہے۔
فائزر کے چیئرمین اور سی ای او البرٹ بورلا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ویکسین کے تیسرے آزمائشی مرحلے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ویکسین کورونا وائرس کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

شیئر: