’مہربانی کرکے مجھے آئندہ آہستہ گیند کروانا‘
’حارث یہ ایک بہت اچھا اور نہ سمجھ آنے والا یارکر تھا۔‘ (فوٹو: ای ایس پی این)
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں لاہور قلندرز کے بولر حارث رؤف کے یارکر پر ملتان سلطانز کی جانب سے کھلینے والے سپر سٹار کھلاڑی شاہد آفریدی آؤٹ ہوئے جس پر انہوں نے حارث رؤف کی تعریف کی ہے۔
شاہد آفریدی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’حارث یہ ایک بہت اچھا اور نہ سمجھ آنے والا یارکر تھا۔ مہربانی کر کے مجھے آئندہ آہستہ گیند کروانا۔ قلندرز کو فائنل میں پہنچنے کی مبارکباد۔ کل ہونے والے میچ کا انتظار ہے۔ سلطانز کے فینز کا اس سیزن میں ہماری حمایت کرنے کا شکریہ۔‘
دوسری طرف حارث رؤف کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں شاہد آفریدی کی وکٹ لینے کے بعد وہ ہاتھ جوڑ رہے ہیں۔
حارث رؤف نے ای ایس پی این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ’ویسے تو وکٹ لینے کے بعد میں غصے کا اظہار کرتا ہوں، لیکن شاہد آفریدی پاکستان کے سپر سٹار ہیں اور انہوں نے ان سے معافی نہیں مانگی بلکہ انہیں عزت دینے کے لیے ایسا کیا۔‘
اتوار کو لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 25 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔
ملتان سلطانز 183 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے خلاف 19 اعشاریہ ایک اوورز میں 157 رنز بنا کر آٓؤٹ ہوگئی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے شاہد آفریدی سمیت تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پی ایس ایل کا فائنل منگل کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔