Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات:ویزوں کی خلاف ورزی پر جرمانے 31 دسمبر تک مؤخر

غیر ملک دسمبر کے اختتام سے پہلے مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک سے چلے جائیں: فائل فوٹو اے ایف پی
فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت و شہریت نے امارات میں ویزوں کی تمام خلاف ورزیوں پر جرمانے 31 دسمبر تک موخر کر دیے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت و شہریت نے کہا ہے کہ ’یکم مارچ سے پہلے جن غیر ملکیوں سے ویزوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے ان کے جرمانے معاف ہیں۔‘
’اقامہ اور انٹری ویزوں کی تمام خلاف ورزیوں پر کوئی جرمانہ وصول نہیں ہوگا بشرطیکہ خلاف ورزی کرنے والا ملک سے واپس چلا جائے۔‘
دوسری طرف سرحد اور غیر ملکیوں کے معاملات کے ادارے کے سربراہ جنرل سعید راکان الراشدی نے کہا ہے کہ ’ویزوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دی جانے والی مہلت جس کا آغاز 14 مئی کو ہوا تھا، اب 31 دسمبر تک بڑھانے کا فیصلہ ہوا ہے۔‘
انہوں نے انسانی بنیادوں پر خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے ساتھ رعایت پر اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ ’دسمبر کے اختتام سے پہلے مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک سے چلے جائیں۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’انٹری ویزہ اور اقاموں کے قوانین کی پابندی ریاست میں امن و امان قائم کرنے کے لیے ضروری ہے۔‘
’یہ قومی فریضہ ہے جسے ادا کرنا ہر شہری و غیر ملکی کے لیے ضروری ہے، اس کی خلاف ورزی منفی رویہ ہے۔‘
انہوں  نے کہا ہے کہ ’مہلت سے فائدہ اٹھانے والوں کو خدمات فراہم کرنے کے لیے ادارے نے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔‘

شیئر: