Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا ’آن لائن ویزا کامیاب‘،اب191ممالک کو سہولت

حکام کے مطابق 191 ممالک کے شہری مختلف ویزہ کیٹگریز کے لیے آن لائن ویزہ کی درخواست دے سکتے ہیں (فوٹو: انسپلیش)
پاکستان کی وفاقی کابینہ نے مزید 16 ممالک کو آن لائن ویزا کی سہولت دینے کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے بعد 191 ممالک کے شہری پاکستان آنے کے لیے آن لائن ویزوں کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
وفاقی کابینہ نے منگل کو ہونے والے اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی اضافی ایجنڈے کے طور پر منظوری دی۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ آن لائن ویزاکا تجربہ کامیاب رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سے نہ صرف یہ کہ پاکستان آنے والے غیر ملکیوں کو سہولت ملی ہے بلکہ ویزاسسٹم میں بھی شفافیت آئی ہے۔ آن لائن ویزے کا ایک فائدہ یہ ہے کہ اس میں کسی قسم کی سفارش یا رشوت وغیرہ کی ضرورت نہیں پڑتی اور نہ ہی کسی کو ترجیح دینے یا نہ دینے کا سوال پیدا ہوتا ہے۔ اسی لیے اس سہولت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال جنوری میں پاکستان کے نئے ویزاسسٹم کی منظوری دی تھی۔ جس کے تحت مارچ 2019 سے 175 ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزاکی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق ’اب اس سلسلے میں ہوم ورک مکمل کرتے ہوئے اور سسٹم میں مزید بہتری لاتے ہوئے باقی 16 ممالک کے شہریوں کو بھی آن لائن ویزاسہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘

کئی ممالک کے کاروباری افراد کو پاکستان آمد پر ویزاآن ارائیول کی سہولت بھی دی گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

ترجمان کا کہنا ہے کہ ’اب دنیا کے 191 ممالک کے شہری مختلف ویزاکیٹگریز کے لیے آن لائن ویزاکی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سے موجودہ حکومت کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کے ذریعے دیگر ممالک کے شہریوں کو ویزاکی فراہمی میں سہولت پیدا کرنا ہے۔ اس سے نہ صرف پاکستان میں سیاحت، کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا بلکہ ویزوں کے اجرا میں شفافیت بھی آئے گی۔‘
یاد رہے کہ جنوری 2019 میں ملک میں سیاحت کے فروغ اور دنیا بھر میں پاکستان کے بہتر تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ایک نئی ویزاپالیسی متعارف کرائی گئی تھی۔ جس میں 175 ممالک کو ای ویزاکی سہولت فراہم کی گئی تھی اور 50 ممالک کے شہریوں کو ملک میں ویزاآن آرائیول فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ اس پالیسی کے تحت امریکی یا برطانوی پاسپورٹ رکھنے والے انڈین نژاد برطانوی اور امریکی شہریوں کو بھی پاکستان آمد پر ویزاکی اجازت دی گئی تھی۔

وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال جنوری میں پاکستان کے نئے ویزاسسٹم کی منظوری دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ذریعے منظور شدہ ٹور آپریٹرز کو سیاحوں کو گروپس کی شکل میں پاکستان لانے کی اجازت دی گئی اور اس کے لیے الگ سے ویزاکیٹگری بھی متعارف کرائی گئی تھی۔
اسی پالیسی کے تحت 96 ممالک کے شہریوں کو کاروباری مقاصد کے لیے ورک ویزاکے حصول کے عمل کو بھی آسان کردیا گیا تھا جبکہ 66 ممالک کے کاروباری افراد کو پاکستان آمد پر ویزاآن آرائیول یعنی پاکستان پہنچنے پر ویزہ کی سہولت بھی دی گئی تھی۔

شیئر: