’جاری شدہ ویزہ منسوخ کر کے مطلوبہ مدت کے لیے نیا ویزہ حاصل کیا جاسکتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ اگر کسی مقیم غیر ملکی نے ایگزٹ، ری انٹری جاری کرا لیا ہو تو نہ ہی اس میں ترمیم ہوسکتی ہے اور نہ ہی توسیع ہوگی۔ توسیع یا ترمیم کے لیے جاری شدہ ویزہ منسوخ کرا کے نیا ویزہ نکلوانا ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک غیر ملکی نے دریافت کیا تھا کہ ’سپانسر (کفیل) نے ایگزٹ، ری انٹری ویزہ نکلوا لیا ہے، کیا اس میں ترمیم ہوسکتی ہے‘۔
محکمہ پاسپورٹ نے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ’اگر خروج وعودہ ویزہ جاری ہوچکا ہے تو اس میں نہ تو توسیع ہوسکتی ہے اور نہ ہی ترمیم‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’جاری شدہ ویزہ منسوخ کر کے مطلوبہ مدت کے لیے نیا ویزہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ویزے کی نئی فیس جمع کرانا ہوگی‘۔
محکمہ پاسپورٹ نے توجہ دلائی ہے کہ ’اگر خروج و عودہ ویزہ جاری ہوگیا ہو اور غیر ملکی نے سفر نہ کیا ہو اور نہ ہی سفر کا ارادہ ہو تو ایسی صورت میں جرمانے سے بچنے کے لیے ویزہ منسوخ کرانا ہوگا‘۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ ’ویزہ ابشر کے ذریعے آجر منسوخ کرا سکتا ہے‘۔