’یو ول ڈائی ایٹ 20‘ کا پریمیئر 2019 وینس فلم فیسٹیول میں کیا گیا(فوٹو عرب نیوز)
کیا سوڈان کو انپا پہلا آسکر ایوارڈ مل سکتا ہے؟ تاریخ میں پہلی بار سوڈان نے ملک کے پہلے آسکر ایوارڈ کےلیے نامزدگی داخل کی ہے۔
سوڈانی فلمساز امجد ابو کی ایوارڈ یافتہ فیچر فلم ’یو ول ڈائی ایٹ 20‘ کو 2021 کے اکیڈمی ایوارڈز میں سوڈان کی بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے سرکاری نامزدگی کے طور پر پیش کیا گیا۔
فلم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا ہے’ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت فخر ہے کہ سوڈان امجد ابو کی ایوارڈ یافتہ فیچر فلم ’یو ول ڈائی ایٹ 20‘ کے ہمراہ 2021 کے اکیڈمی ایوارڈ کے لیے ملک کی پہلی بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے ساتھ اکیڈمی ایوارڈز کی ریس میں داخل ہوا ہے۔‘
’سوڈانی سنیما کی تاریخ کی صرف آٹھویں فیچر فلم جو ملک کے ثقافتی منظر نامے میں ایک اہم لمحے کی نشاندہی کرتی ہے،مقامی فلمسازی کی ایک نئی لہر کے لیے دروازے کھول دیتی ہے اور جس کی خواہش ہے کہ اندروں اور بیرون ملک شائقین ان کی کہانیوں، آوازوں اور نظریات کو گلے لگائیں۔‘
متحدہ عرب امارات میں پیدا ہونے والے ڈائریکٹر نے عرب نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ’ہمیں یہ فلم بنانے کے دوران معلوم تھا کہ یہ ایک بہت بڑا پروجیکٹ ہے۔ ہم نے بہت اہم پروڈیوسروں سے ملاقات کی اور ہر شخص آئیڈیا اور فلم کے بارے میں ہمیشہ پرجوش رہتا تھا لہذا ہمیں کامیابی کی توقع تھی لیکن یہ ہماری توقع سے کہیں زیادہ تھی۔‘
’یو ول ڈائی ایٹ 20‘ کا پریمیئر 2019 وینس فلم فیسٹیول میں کیا گیا جس نے لائن آف دی فیوچر ایوارڈ جیتا اور اس کی ایلگونا فلم فیسٹیول میں بھی نمائش کی جہاں اس نے داستان گوئی کے لیے بہترین گولڈن سٹار حاصل کیا۔
اکیڈمی ایوارڈز کے نام سےمشہور آسکر ایوارڈز کی میزبانی اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کرتی ہے۔
اگرچہ آسکر ایوارڈز کی تقریب عام طور پر ہر سال فروری کے آخر میں ہوتی ہے لیکن اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے کورونا وائرس کی وجہ سے 93 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب کو 28 فروری کی بجائے 25 اپریل 2021 کو منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔