جی 20 کا ’لوگو‘ کہاں سے آیا اور کس چیز کی علامت ہے؟
سعودی عرب کی زیر سربراہی جی 20 کا ’لوگو‘جو اس کی پہچان بھی ہے کا تصور سعودی فنکار محمد الحواس نے تخلیق کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جی 20 کا ’لوگو‘ سعودی عرب کی تاریخ اور تہذیب کے علاوہ مہمان نوازی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
انتہائی سادہ مگر پر معنی ’لوگو‘میں اوپر رنگین پٹی ہے جسے مقامی زبان میں سدو کہا جاتا ہے۔ سدو کے نیچے جی 20 اور پھر سعودی عرب لکھا ہے۔
سدو دراصل وہ سخت کپڑا ہے جس سے بدو خیمے بنایا کرتے تھے۔ جزیرہ عرب میں عام طور پر اسی رنگین کپڑے سے خیمے بنائے جاتے تھے۔
یونسکو میں اس کا انسانی تہذیبی ورثے کے طور پر اندراج کیا جا چکا ہے۔
جی 20 کا لوگو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ سعودی عرب اپنی روایات اور ثقافتی و تہذیبی ورثے کو عزیز رکھتے ہوئے مستقبل کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔
سدو کے کپڑے میں رنگوں کا امتزاج تمام ممالک کے اتحاد و اتفاق کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
جی 20 کے لوگو میں سدو کے کپڑے کا انتخاب مہمان نوازی اور ایثار کی علامت ہے۔