طیاروں کو اپ ڈیٹ سافٹ ویئر اور اصلاح و مرمت کے لئے 2 ہفتے درکار۔(فوٹو ملائے میل)
بوئنگ کمپنی کے جدید 737 میکس طیاروں کا مستقبل اب ریاست واشنگٹن کے صحرائی ایئر پورٹ کے ہینگر میں موجود قریباً 700 کارکنوں کے ہاتھ میں ہے۔
عرب نیوز کے مطابق روئٹرز کی جانب سے شائع ہونے والے مضمون میں بتایا گیا ہے کہ یہاں بوئنگ 737میکس طیاروں کی اصلاح و مرمت کا کام 24 گھنٹے کیا جا رہا ہے۔
امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے لازمی قرار دیے جانے والے سافٹ ویئراور دیگر تجدید شدہ نظاموں کو جدید بنایا جا رہا ہے۔
صحرائی ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر رچ ملر کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے بوئنگ کی پروازوں پر عائد پابندی اٹھانے کے حوالے سے جاری حکم کے بعد کمپنی نے اپنی سرگرمیاں تیز کر رکھی ہیں۔ یہ پابندی دو طیاروں کے حادثے کے بعد عائد کی گئی تھی۔
موسز لیک کے گرانٹ کاونٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھڑے کیے گئے تقریبا 240 جیٹ طیاروں کا کارکنوں کی جانب سے معائنہ کیا جا رہا ہے۔
سرمایہ کار فرم جیفریز کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ پر موجود ان جیٹ طیاروں میں سے تقریبا آدھی تعداد کی مالیت 16ارب ڈالر کے قریب ہے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ طیاروں کی بامقصد تیاری کا آغاز کرنے سے قبل 450 طیاروں کے بیڑے کو کلیئر کرنے کا عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ کام اس لئے بھی پیچیدہ ہے کیونکہ طیاروں کو گراؤنڈ کئے جانے کے بعد بعض خریداروں نے طیاروں کی خریداری کا ارادہ ترک کر دیا تھا ۔
ٹارمک پر کھڑے ہر جیٹ میں سرخ انجن نصب ہے جبکہ ان کے پہیوں کو ڈھانپا گیا ہے۔ دھوپ سے بچانے کے لیے ونڈ شیلڈ اسکرین لگائی گئی ہے جبکہ ایک چھوٹے جنریٹر کی مدد سے طیارے میں لائٹ اور تازہ ہوا کا بندوبست کیا گیا ہے۔
بوئنگ کمپنی کو اپنے 800 سے زائد737 میکس طیاروں کو بہترین حالت میں لانا ہے ۔
450 طیارے بوئنگ کی ملکیت ہیں جبکہ 387 طیارے اس وقت ایئرلائن کی خدمات پر مامور تھے جب فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مارچ 2019 میں یہ طیارے گراؤنڈ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
بوئنگ جیٹ ایک ایسے وقت میں واپس آ رہے ہیں جن کورونا وائرس کی عالمی وباکے باعث نئے طیاروں کی مانگ اور فضائی سفر کی طلب میں کمی واقع ہو چکی ہے۔
بوئنگ کو نئے یورپی تجارتی محصولات اور واضح عدم اعتماد کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
سپلائر کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر شونیمان نے کہا ہے کہ ایئر لائن اور اس کی سپلائی چین کی جانب سے2022 سے قبل اہم ڈلیوریزمشکل دکھائی دیتی ہیں۔ ہماری صنعت کے لیے کوروناکی وبا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
ایئرلائن کمپنیوں کا کہنا ہے کہ طیاروں کو سافٹ ویئر اور اصلاح و مرمت کے لئے 2 ہفتے درکار ہوں گے۔ بوئنگ نے دنیا بھر میں ایئرلائنز کو مدد و تعاون فراہم کرنے کے لئے ٹیمیں مقرر کر دی ہیں۔