ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 ہزار ریال جرمانہ کیا جاتا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں 432 تفتیشی دورے کیے۔
ان دوروں کا مقصد کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنا تھا۔
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف شہروں اور علاقوں میں تجارتی مراکز، بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے چھاپے مارے۔
ضوابط پر عمل نہ کرنے پر تفتیشی ٹیموں کی جانب سے 24 اداروں کا چالان کیا گیا۔
وزارت تجارت کے ذمہ دار نے اس حوالے سے یاد دہانی کرائی کہ کسی بھی مارکیٹ یا ادارے میں کام کرنے والے تمام کارکنان مقررہ ضوابط کی پابندی کریں۔
حفاظتی ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنا خلاف ورزی شمار ہوتی ہے ۔
مارکیٹوں یا دکانوں کے داخلی راستوں پر سینیٹائزر رکھے جائیں تاکہ آنے والے صارفین انہیں استعمال کرسکیں۔
مالز اور تجارتی مراکز کے دروازوں پر صارفین اور کارکنان کا درجہ حرارت چیک کیا جائے۔ شاپنگ ٹرالیز کو مستقل بنیادوں پر سینیٹائز کیا جائے۔
ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والے تجارتی مرکز پر 10 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے۔ اس سے زائد بار خلاف ورزی پر تجارتی مرکز سیل کر دیا جاتا ہے۔ صارفین یا کارکنان کے مقررہ تعداد سے زیادہ جمع ہونے پر فی کس پانچ ہزار ریال جرمانہ ہے۔