کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر لیڈیز اسپورٹس کلب سیل
کلب کے بارے میں اطلاع ملے پر کارروائی کی گئی (فوٹو،سبق نیوز)
بلدیہ کی خواتین تفتیشی ٹیم نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر لیڈیز اسپورٹس کلب سیل کردیا۔ کلب کا لائسنس تجدید نہ کرانے پر جرمانہ بھی کیاگیا۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق مکہ مکرمہ کے علاقے الشوقیہ کی بلدیہ کو اطلاع ملی تھی کہ خواتین کے اسپورٹس کلب میں کورونا ایس اوپیز کا خیال نہیں رکھا جارہا جس پر بلدیہ کے شعبہ خواتین کی تفتیشی ٹیم نے کلب کا جائزہ لے کرمقررہ قواعد کی خلاف ورزی پر سیل کردیا۔
بلدیہ کی ریجنل ڈائریکٹر ’عنود البقمی ‘ کا کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیم کی جانب سے کلب میں متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی جن میں سب سے اہم کورونا وائرس سے بچاو کےلیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنا تھاجبکہ کلب کا لائسنس جو سالانہ بنیاد پر تجدید کیاجاتا ہے بھی ایکسپائر ہوچکا تھا۔
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کلب کو فوری طور پرسیل کردیا گیا جبکہ لائسنس کی عدم تجدید پر چالان بھی کیا گیا۔ ریجنل ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے بچاو کےلیے ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن پر عمل کرنا ہرایک کا فرض ہے۔
مقررہ ایس او پیز میں سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال انتہائی اہم ہے علاوہ ازیں کلب یا تجارتی مقامات کے لیے لازمی ہے کہ وہاں جراثیم کش ادویات کا مسلسل استعمال کیا جائے علاوہ ازیں وہاں آنے والوں کےلیے جراثیم کش محلول رکھا جائے تاکہ آنے والے اس سے ہاتھوں کو صاف کرسکیں ۔
ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ کی ٹیموں کی جانب سے کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی کارروائیاں کرتی ہیں۔ اس حوالے سے اگر کوئی بھی شخص کہیں بھی کوئی خلاف ورزی دیکھے تو بلدیہ کے ٹول فری نمبر 940 پر مطلع کرے۔