کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنےوالوں کے خلاف کارروائیاں
کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنےوالوں کے خلاف کارروائیاں
جمعہ 6 نومبر 2020 11:06
سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کےلیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی (فوٹو،ٹوئٹر)
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر طائف میں بلدیہ کی ٹیموں نے مارکیٹوں کے دورے شروع کردیئے۔
کورونا بچاو کےلیے سماجی فاصلے اور مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں اور مارکیٹ انتظامیہ کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سےکورونا وائرس سے بچاو کےلیے مقررہ ایس او پیز کے تحت مارکیٹوں کی انتظامیہ اور دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں جن میں صارفین کے درمیان سماجی فاصلے کے دوری کے علاوہ مارکیٹ کے داخلی دروازے پر سینیٹائزاور ماسک کے علاوہ ڈسپوزایبل دستانوں کی فراہمی کویقینی بنائیں۔
سپر مارکیٹس کو اس امر کا بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ خریداری کےلیے مخصوص ٹرالی کو مسلسل سینیٹائز کرتے رہیں جبکہ ہر آنے والے کا جسمانی درجہ حرارت لازمی طور پر نوٹ کریں ۔
وزارت صحت کی جانب سے مقررہ ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہے ایسا نہ کرنے والے دکانداروں اور مارکیٹ انتظامیہ پر خلاف ورزی درج کی جاتی ہے۔
اس ضمن میں طائف شہر میں بلدیہ کی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں تاکہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
بلدیہ کی جانب سے اشیائے خورونوش فراہم کرنے والی دکانوں اور ہوٹلوں کی نگرانی کے لیے مخصوص ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔
واضح رہے کورونا ایس اوپیز کے تحت انفرادی طور پر بھی چیکنگ کا عمل جاری ہے ایسے افراد جو عوامی مقامات پر ماسک کے بغیر جاتے ہیں ان پر ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جاتا ہے جبکہ ایسی دکانیں جہاں ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جاتا ان کے خلاف سخت تادیبی کاررائی کی جاتی ہے۔