Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پڑھنے کا شوق نہیں تو گیمز پروگرامنگ‘

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم اربوں ڈالر کی ویڈیو گیمز انڈسٹری کا حصہ بننے جا رہے ہیں (فوٹو: پی آئی ڈی)
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ان کی وزارت ویڈیو گیمز پروگرامنگ کا خصوصی پروگرام لارہی ہے۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگر آپ کو پڑھنے لکھنے سے دلچسپی نہیں اور فون پر گیمز سے رغبت ہے تو ہماری وزارت ویڈیو گیمز پروگرامنگ کا خصوصی پروگرام لارہی ہے تاکہ ہم 90 ارب ڈالر کی اس انڈسٹری کا حصہ بن سکیں، ہم نوجوانوں کو گیمز سرٹیفیکیٹس بھی دیں گے۔‘

 اس ٹویٹ کے جواب میں ٹوئٹر صارفین کی جانب سے اس اقدام کو جہاں سراہا جا رہا ہے وہاں اس پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
ٹوئٹر صارف نبیل حسن کا کہنا ہے کہ ’پہلے شفقت صاحب اور اب آپ، یار آپ لوگ ہمارے دور میں کدھر تھے، مذاق کے علاوہ انتہائی شاندار اقدام بہت خوب زندہ باد فواد چوھدری صاحب۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف کا کہنا ہے کہ محمد ناصر نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ’جو بھی گیمز بنائی جائیں وہ اسلامی اصولوں اور ہمارے ایشیائی کلچر کو مد نظر رکھ کر بنائی جائیں تاکہ گھریلو سطح پر گیمز کو کھیلنے اور اس سے اچھا سبق سیکھنے کو ملے۔ شکریہ۔‘

ٹوئٹر صارف شہباز قادر بزدار کا کہنا ہے کہ ’جدید تعلیمی ترقی کے لیے گیمز کا فروغ نہیں بلکہ ہمیں تحقیق کی طرف آنا چاہیے۔ نینو ٹیکنالوجی پر کام کرنا چاہیے اور یونیورسٹیوں کا معیار بہتر بنانا چاہیے تاکہ ہماری تحقیق کے مقابلے کاپی پیسٹ کے بجائے ذہانت کے بل بوتے پر لکھے جائیں۔‘

ٹویٹر صارف طارق حسن کا کہنا ہے کہ ’آپ اتنے لیٹ کیوں اس منسٹری میں آئے؟ میرا بچپن گزر گیا وڈیو گیمز کے چکر میں مار کھاتے ہوئے۔میں نوجوان تو نہیں رہا لیکن یہ کورسس کرنا ضرور چاہوں گا۔‘
 

 

شیئر: