لاطینی امریکہ کے ملک ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال کے لیجنڈ ڈیگو میراڈونا 60 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے ترجمان کے مطابق وہ بدھ کے روز دل کے دورے کا شکار ہوئے۔
ماہ رواں کے آغاز میں ان کے دماغ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔ میراڈونا کو برازیل سے تعلق رکھنے والے عالمگیر شہرت یافتہ کھلاڑی پیلے کا ہم پلہ سمجھا جاتا تھا۔
میراڈونا، ایک عہد کا اختتام
میراڈونا کا پورا نام ڈیوگو میراڈونا تھا۔ وہ 30 اکتوبر 1960 کو ارجنٹائن کے شہر بیوس آئرس کے نواحی علاقے ویلافیوریتو میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا۔
سکول کے دنوں میں انہوں نے فٹ بال کھیلنا شروع کر دیا تھا اور جلد ہی آگے بڑھتے گئے۔
انہوں نے بوکا جونیئر، ایف سی بارسلونا اور ایس ایس سی ناپولی کی طرف سے کئی میچز کھیلے اور ان کے لیے متعدد اعزازات بھی حاصل کیے۔
اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران انہوں نے 91 میچ کھیلے جن میں انہوں نے34 گول کیے۔
1986 میں ارجنٹائن نے میراڈونا کی کپتانی میں عالمی کپ میں شرکت کی اور فائنل میں مغربی جرمنی کو شکست دے کر ارجنٹائن عالمی چیمپیئن بنا۔
![](/sites/default/files/pictures/November/30801/2020/e3414275-4927-4768-b5ec-b0bfbe014bf4.jpg)
اس ٹورنامنٹ میں میراڈونا بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔ کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف دو گولوں نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
ان میں سے ایک گول کو فیفا کی جانب سے 2002 میں آن لائن پول کے بعد صدی کا بہترین گول قرار دیا گیا۔
ان کی کامیابیوں کا سفر بہت طویل ہے، ان کو جو شہرت نصیب ہوئی وہ بہت کم کھلاڑیوں کے حصے میں آتی ہے۔
1990 کے عالمی فٹ بال کپ کے مقابلوں کے دوران ان کی کارکردگی اس وقت متاثر ہوئی جب کھیل کے دوران ٹخنے پر شدید چوٹ لگی تاہم اس کے باوجود ارجنٹائن فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا لیکن وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہا اور مغربی جرمنی نے میچ جیت لیا۔
![](/sites/default/files/pictures/November/30801/2020/44d722d6-570f-4f2b-be67-1e2eb6a036a7.jpg)