پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میں کورونا کی تشخیص کے باجود ان کی بہن بختاور بھٹو زرداری کی جمعہ کو ہونے والی منگنی کی تقریب ملتوی نہیں کی جا رہی تاہم مہمانوں کو مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ شریک ہونے کی تاکید کی گئی ہے۔
بلاول ہاؤس کے ایک ترجمان عثمان غازی نے اردو نیوز کو بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری اپنی بیٹی کی منگنی کی تقریب میں موجود ہوں گے جبکہ بلاول کی تقریب میں ورچوئل شرکت کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے تاہم اس حوالے سے ملٹی میڈیا کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور کی منگنی متحدہ عرب امارات میں مقیم لاہور کے کاروباری خاندان کے ممبر چوہدری محمود کے ساتھ 27 نومبر کو بلاول ہاؤس کراچی میں ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں
-
بختاور بھٹو کے منگیتر محمود چوہدری کون؟ پیپلز پارٹی کی وضاحتNode ID: 518441
-
بلاول بھٹو زرداری آئسولیشن میں چلے گئےNode ID: 520296
-
بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیاNode ID: 520621
تقریب کے دعوت نامے قریب تین سو قریبی خاندانی اور سیاسی شخصیات کو جاری کیے گئے ہیں جن میں آنے والوں سے اپنے تازہ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ ہمراہ لانے کی درخواست کی گئی ہے۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان کے مطابق چوہدری محمود کے خاندان کے افراد پہلے ہی بلاول ہاؤس پہنچ چکے ہیں۔
کورونا وبا کے باعث تقریب کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ مہمانوں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ کورونا کی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ ہمراہ لائیں اور ماسک پہنیں جبکہ بیٹھنے کے انتظامات میں بھی سماجی فاصلے کے اصولوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ تقریب کھلے آسمان تلے لان میں ہو گی اور وہیں مہمانوں کو رات کا کھانا پیش کیا جائے گا۔
ان کے مطابق بلاول ہاؤس کے تمام سٹاف کا بھی کورونا ٹیسٹ کر لیا کیا گیا ہے جبکہ کیٹرنگ کمیٹی کے تعینات اسٹاف کا بھی کورونا ٹیسٹ ہو گا۔ ان سے پوچھا گیا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بلاول بھٹو کی تقریب میں شرکت کا کیا طریقہ کار ہو گا تو ان کا کہنا تھا کہ خاندان کے افراد اس حوالے سے جلد فیصلہ کر لیں گے، تاہم چیئرمین پیپلز پارٹی کی ورچوئل شرکت کا بندوبست بھی موجود ہے۔
