پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے سیاسی مشیر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ رزلٹ مثبت نہیں آیا ہے۔
بیان کے مطابق اس حوالے سے نشر کی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی مشیر جمیل احمد سومرو کا کورونا ٹیسٹ رزلٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔‘
مزید کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے ٹیسٹ رزلٹ کے نتیجے کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ ن کے کیپٹن صفدر سمیت کئی سیاستدانوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ درجنوں ارکان پارلیمنٹ بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔