سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کی جانے والی بین الاقوامی سفری پابندیاں مرحلہ وار ختم کی جارہی ہیں۔
وزارت صحت کیجانب سے مملکت آنے کے لیے بنیادی شرط ’کورونا ٹیسٹ‘ کی رکھی گئی ہے۔ ٹیسٹ کی رپورٹ مملکت پہنچنے سے 72 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔
سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کےلیے اقامہ قوانین میں تبدیلیاں آئندہ برس کی پہلی سہہ ماہی سے متوقع ہیں تاہم قارئین ’اردونیوز‘ کی جانب سے ارسال کردہ سوالات کے جوابات موجودہ قوانین کے تحت دیئے جارہے ہیں۔
شیراز احمد ، نئے ویزے کے بارے میں کیا اطلاعات ہیں ، کیا ابھی نیا ویزہ لگایا جاسکتا ہے یا آئندہ برس تک انتظار کرنا ہوگا؟
جواب ۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سفر پر عارضی پابندی عائد کی گئی تھی جس کا مقصد لوگوں کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔
بین الاقوامی سفری پابندیوں کی وجہ سے تمام اقسام کے ویزوں کا اجرا بھی موخر کردیا گیاتھا ۔
نومبر میں بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد کے ساتھ ہی نئے ویزوں کا اجرا پر بھی عائد پابندی اٹھا لی گئی تھی ۔
وزٹ ویزے بھی بحال کیے جاچکے ہیں جبکہ ورک ویزے جو جاری ہوچکے ہیں ان کے لیے کہا گیا ہے کہ وہ ویزے جو اسٹمپ نہیں ہوئے اور انکی تاریخ ختم ہو گئی ہوانہیں تجدید کرانے کےلیے کفیل کی جانب سے درخواست ارسال کی جائے جو چیمبر آف کامرس سے مصدقہ ہو۔
وہ ویزے جن کی تاریخ ختم نہیں ہوئی وہ حسب معمول اسٹمپ کیے جارہے ہیں ۔ تاہم سعودی عرب آنے کےلیے بنیادی شرط کوروناٹیسٹ کی ہے جس کادورانیہ مملکت آنے سے 72 گھنٹے سے زیادہ کا نہ ہو۔
عبدالاحد ۔ میں گھریلو ملازم ہوں میرا اقامہ ’حارس منزلی ‘ کا ہے ، معلوم یہ کرنا ہے کہ میرا اقامہ گم ہو گیا کفیل کہتا ہے اس پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہے کیا ایسا ہی ہے، نیا اقامہ بنوانے کا طریقہ کیاہے؟
جواب ۔ محکمہ پاسپورٹ جہاں سے اقامے جاری کیے جاتے ہیں کا کہنا ہے کہ اقامہ گم ہونے کی صورت میں فوری طور پر اسکی اطلاع محکمہ جوازات کے کسی بھی ذیلی ادارے کو کی جائے ایسے علاقے جہاں جوازات کے دفتر نہیں وہاں پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کریں۔
پولیس رپورٹ کے بعد مقررہ فارم بھر کراسے جوازات میں جمع کرایا جائے جس پر کفیل کے دستخط ہوں ، جوازات کے سسٹم میں فنگر پرنٹ لازمی جمع کیے گئے ہوں ، اگر فنگر پرنٹ نہیں ہیں تو وہ جمع کرائے جائیں۔
ڈبلیکیٹ اقامہ بنوانے پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔ اس حوالے سے آپکے کفیل کا کہنا درست ہے، جرمانہ ادا کرنے کےبعد جوازات کے دفتر سے رجوع کرکے دوسرا اقامہ پرنٹ کرایا جاسکتا ہے۔
گجر بادشاہ ۔ میرا نام قیصر ہے ، میری شادی سعودی عرب میں ہی ہوئی تھی ، مسئلہ یہ ہے کہ میرے کفیل نے میرا ہروب لگادیاہے ،میں ’سائق خاص ‘ کے اقامے پر ہوں ،اس بارے میں میری رہنمائی کریں؟
جواب ۔ سعودی عرب میں ’ہروب‘ ہونے کی صورت میں اسے 15 دن کے اندرکفیل کینسل کرانے کا مجاز ہے ۔ مقررہ مدت گزر جانے کے بعد ہروب کوختم کرانا ازحد مشکل ہو جاتا ہے جس کےلیے یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ ہروب غلط لگایاگیا تھا۔
آپ ’سائق خاص ‘ یعنی فیملی ڈرائیور کے ویزے پر ہیں جو انفرادی کفیل کا ویزہ کہلاتا ہے ۔ آپ کو چاہئے کہ کفیل سے بات کرکے جو اختلاف ہواسے دور کریں تاکہ ہروب کو کینسل کیاجاسکے بصورت دیگر مقررہ مدت گزرنے کے بعد معاملات کافی دشوار ہو جائیں گے اس لیے بہتر ہے کہ کفیل سے بات کرکے ہروب کو ختم کروالیں کیونکہ آپکی فیملی بھی آپ کے ساتھ ہے۔