ایران کے سپریم لیڈر نے اس قتل کے ذمہ داروں کو ’قرار واقعی سزا‘ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
محسن فخری زادہ کی بیوہ نے سرکاری ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ ’وہ شہید ہونا چاہتے تھے اور ان کی یہ خواہش پوری ہو گئی۔‘
تہران میں کچھ سخت گیر مظاہرین نے صدر ڈونلد ٹرمپ اور منتخب ہونے والے صدر جو بائیڈن کی تصاویر جلا ڈالیں، جنہوں نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں دوبارہ واپسی پر غور کرے گی۔
امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کرتے ہوئے سخت گیر مظاہرین نے ایران کے وزیر خارجہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے نیوکلیئر معاہدے کے لیے مذاکرات میں تعاون کیا تھا۔
اقوام متحدہ نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو بڑھاوا دینے سے گریز کرنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق کا کہنا ہے کہ ’ہم تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے اقدامات جن سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہو، ان سے گریز کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
جرمنی نے تمام فریقین کو ایسی کسی بھی کارروائی سے گریز کرنے کا کہا ہے جو کشیدگی میں مزید اضافہ کر دے جس کے بارے میں جرمنی کا کہنا ہے کہ ’ہمیں اس کی ابھی بالکل بھی ضرورت نہیں۔‘
حملے کے گھنٹوں بعد، پینٹاگون نے اعلان کیا تھا کہ وہ یو ایس ایس نیمتز جہاز مشرق وسطیٰ میں واپس لے آیا ہے جو کہ ایک غیرمعمولی اقدام ہے۔