سیاحوں مکمل ٹور پیکیج حاصل کرنا لازمی ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)
سلطنت عمان نے محدود پیمانے پر سیاحتی ویزے بحال کرنے کا عندیہ دیدیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سیاحتی سرگرمیاں معطل تھیں ۔
اماراتی اخبار ’البیان‘ نے سلطنت عمان کے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ عمان آنے والے ان سیاحوں کو ویزوں کا اجراکیاجائے گا جو مکمل سیاحتی پیکیج بک کرائیں گے۔
ذرائع نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ عمان آنے والے سیاحوں کو ہوٹل بکنگ اور ٹورآپریٹرز سے اپنے پروگرام کا شیڈول حاصل کرنا ہو گا جس کے بعد سیاحتی ویزے جاری کیے جائیں گے۔
عمانی حکومت کی جانب سے سیاحتی سرگرمیوں کا آغاز محدود پیمانے پر کرنے کا عندیہ دیا گیاہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے بعد سے بین الاقوامی سفر پر عائد پابندیوں کے بعد عمان نے یکم اکتوبر 2020 سے بین الاقوامی پروازیں عمان کے شہریوں ، موثر اقامہ ہولڈرز غیر ملکیوں اور ورک ویزے والوں کےلیے ہی بحال کی تھی ۔
عمانی سپریم کونسل نے 30 نومبر پیر کو متعدد تجارتی و صںعتی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ابھی تک اس کی تفصیلات نہیں دی گئیں ۔