نیوزی لینڈ: پاکستانی ٹیم کے آٹھویں ممبر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت
نیوزی لینڈ کے دورے پر پہنچنے والا پاکستانی سکواڈ 53 افراد پر مشتمل ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
نیوزی لینڈ کے دورے پر کرائسٹ چرچ میں موجود پاکستانی سکواڈ کے آٹھویں رکن کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی نے نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کے حوالے سے دی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی سکواڈ میں ایک نیا کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا ہے، جب کہ مزید دو افراد کی جانچ کی جا رہی ہے۔
دورہ نیوزی لینڈ کے لیے میزبان ملک پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی اور سکواڈ کے دیگر ارکان کیوی شہر کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ میں ہیں۔ حالیہ مثبت کیس کے بعد اب تک کورونا وائرس پازیٹو ہونے والے سکواڈ ممبرز کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق معالجین کی جانب مزید کورونا کیسز نہ آنے کی رپورٹ تک ٹیم کو ایک ساتھ پریکٹس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے گزشتہ ہفتے پاکستانی ٹیم کو ہوٹل میں سماجی دوری کے اصول پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں ’آخری وارننگ‘ بھی دی گئی تھی۔ تاہم اس کے بعد کوئی خلاف ورزی رپورٹ نہیں کی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے سامنے آنے والے چھ کیسز میں دو پہلے کے رہے تھے، ان افراد کا انفیکشن موثر نہیں تھا البتہ دیگر چار میں ایکٹو وائرس پایا گیا تھا۔ سکواڈ کا ساتواں فرد ہفتے کو پازیٹو رپورٹ ہوا ہے۔
پاکستان سے نیوزی لینڈ پہنچنے والے دستے میں 53 افراد شامل ہیں۔ بابر اعظم کی کپتانی میں 24 نومبر کو میزبان ملک پہنچنے والی ٹیم دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں ہے۔ یہ عمل نیوزی لینڈ آنے والے تمام غیرملکیوں کے لیے لازم ہے۔
لاہور سے روانہ ہونے سے قبل پاکستانی سکواڈ میں شامل تمام افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جو نیگیٹو آئے تھے۔ پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ میں پانچ میچ کھیلنے ہیں، ان مقابلوں کا اغاز 18 دسمبر کو آکلینڈ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہونا ہے۔