Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک اور برطانوی ایئرلائن کی پاکستان کے لیے پروازیں

برطانوی ایئرلائن کی پہلی پرواز مانچسٹر سے 208 مسافروں کو لے کر جمعہ کی صبح اسلام آباد پہنچی ہے۔ فوٹو ورجن اٹلانٹک
برطانوی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک نے پاکستان میں فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ جمعے کی صبح اس کی پہلی پروز اسلام آباد پہنچی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تارکین وطن زلفی بخاری نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر کے ہمراہ پرواز سے آنے والوں کو خوش آمدید کہا۔ ورجن ایئرلائن کی پہلی پرواز مانچسٹر سے 208 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی ہے۔
زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ ورجن ایئرلائن برطانیہ کی دوسری بڑی ایئرلائن ہے جس نے پاکستان کے لیے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور تجارتی روابط بھی بڑھیں گے۔ ورجن اٹلانٹک پاکستان کے لیے جدید ایئربس اے 332 استعمال کرے گی۔
زلفی بخاری کے مطابق ایئرلائن کو پاکستان میں ہفتہ وار آٹھ لینڈنگز کی اجازت دی گئی ہے۔

ورجن اٹلانٹک پاکستان کے لیے جدید ایئربس اے 332 استعمال کرے گی۔ فوٹو اے ایف پی

ورجن اٹلانٹنگ ایئر لائن کی جانب سے مانچسٹر سے اسلام آباد کے لیے پرواز سے متعلق اعلان کیا گیا تو ساتھ ہی یہ خبر بھی دی گئی کہ اسی مہینے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازیں بھی شروع کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے اس وقت انگلینڈ کے لیے قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی سروس بند ہے جبکہ برطانیہ سے ہی تعلق رکھنے والی برٹش ایئرویز سروس مہیا کر رہی ہے۔
 کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر چند ماہ قبل برٹش ایئرویز نے پاکستان میں سروس بند کر دی تھی جس کو 14 اگست 2020 کو بحال کر دیا گیا تھا۔
اور برٹش ایئرویزکی پرواز بی اے 261 لندن سے سو سے زائد مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی تھی۔

برٹش ایئرویز نے 14 اگست 2020 کو پاکستان کےلیے سروس بحال کی تھی۔ فوٹو اے ایف پی

اسی طرح 12 اکتوبر 2020 کو برطانیہ سے لاہور کے لیے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اس روز لندن سے اڑان بھرنے والی فلائٹ اگلے روز لاہور ایئرپورٹ پہنچی تھی۔
اس وقت ہفتہ وار لندن سے اسلام آباد کے لیے چار اور لاہور کے لیے تین پروازیں چل رہی ہیں اور ٹکٹ کا یکطرفہ کرایہ 450 پاؤنڈ (تقریباً 90 ہزار روپے) ہے۔
2008 میں میریٹ ہوٹل میں دھماکے کے بعد بھی برٹش ایئرلائن نے سروس بند کر دی تھی جس کو گیارہ سال بعد جون 2019 میں بحال کیا گیا تھا۔

شیئر: