Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی اسرائیل کے لیے پہلی مسافر پرواز

متحدہ عرب امارات سے اتحاد ایئرویز کی پہلی پرواز اسرائیل پہنچی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آنے کے بعد امارات کی پہلی پرواز تل ابیب کے قریبی ایئرپورٹ بن گوریان پہنچی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیل ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اتحاد ایئرویز کی پرواز ای وائے 9607 صرف عملے کے ارکان کے ساتھ پیر کی صبح ابو ظبی سے بن گوریان ایئرپورٹ پرپہنچی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ واپسی پر اتحاد ایئرویز کی پرواز میں اسرائیلی سیاحت کے ماہرین سوار ہوئے ہیں جو دو دن متحدہ عرب امارات میں گزاریں گے۔
اتحاد ایئرویز کا کہنا ہے کہ ’اس نے تاریخ رقم کی ہے۔‘
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اتحاد ایئرویز نے کہا ہے کہ ’اتحاد پہلی خلیجی ایئرلائن بن گئی ہے جس نے اسرائیل کے لیے پہلی پرواز چلائی اور یہ صرف ابتدا ہے۔‘
اسرائیل اور عرب امارات آئندہ ہفتے منگل کے روز کمرشل پروازوں سے متعلق معاہدے پر دستخط کریں گے جس کے تحت ہفتہ وار 28 کمرشل پروازیں شروع کی جائیں گی۔
اسرائیل کی وزارت مواصلات نے کہا ہے کہ اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ سے دبئی اور ابو ظبی کے لیے ہفتے میں 28 کمرشل پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ  رواں برس 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر معمول پر آگئے ہیں۔

شیئر: