سماجی فاصلے کے اصول کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ فوٹو: ایس پی اے
ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے عمرہ پر عائد پابندی اٹھائے جانے کے بعد سے اب تک مسجد الحرم میں 40 لاکھ افراد کی تھرمل سکینگ کی گئی۔
ادارہ امورحرمین شریفین کے تحت مسجد الحرام میں کورونا ایس او پیز کے تحت مختلف مقامات پر25 تھرمل کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
سو کارکنوں کو تھرمل کیمروں کے استعمال کی تربیت دی گئی ہے۔ فوٹو: اخبار 24
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے مقرر کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت لوگوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنا اہم ہے تاکہ بیمارافراد کو عام لوگوں سے جدا کیا جاسکے۔
مسجد الحرام میں شعبہ ماحولیات کے ڈائریکٹر حسن السویھری کا کہنا تھا کہ حرم شریف میں 100 کارکنوں کو تھرمل کیمروں کے استعمال کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔
تھرمل کیمروں کے ذریعے لوگوں کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کیا جاتا ہے۔
انتہائی حساس کیمرے چھ میٹر کی دوری سے لوگوں کے جسمانی درجہ حرارت کونوٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
فاصلے کے نشانات بھی وضع کیے گئے ہیں۔ فوٹو: اخبار 24
کیمروں کی مانیٹرنگ سکرین پرمختلف رنگوں کے ذریعے جسمانی درجہ حرارت کو ظاہر کیا جاتا ہے۔
ایسے افراد جن پر کورونا وائرس کا گمان ہو انہیں فوری طور پر دوسرے لوگوں سے جدا کردیا جاتا ہے۔
ڈائریکٹر شعبہ ماحولیات نے مزید کہا کہ مسجدالحرام کے داخلی دروازوں میں سماجی فاصلے کے اصول کو یقینی بنانے کے لیے اضافی لائنیں بنائی گئی ہیں جن پر فاصلے کے نشانات بھی وضع کیے گئے ہیں تاکہ آنے والے احتیاطی تدابیر پرعمل کرسکیں۔
واضح رہے وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے تحت سماجی فاصلے کے اصول کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں تیزی سے منتقل ہوتا ہے، اس سے بچنے کےطلیے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنا از حد ضروری ہے۔
احتیاطی تدابیر کی مد میں وزارت صحت نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لوگوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا خصوصی اہتمام کریں اگر کسی کا جسمانی درجہ حرارت زیادہ ہو تو اسے تجارتی مرکز یا ادارے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوتی-