پاکستان کی جانب سے جدہ میں آئل ٹینکر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب کے شہر جدہ میں آج تیل لے جانے والے بحری جہاز پرکیے جانے والے حملے اور اس سے قبل’الشقیق‘ میں تیل لیجانے والے بحری جہازوں اور جازان میں تیل کی ترسیل کے ڈپو پر کئے گئے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ حملے سعودی عرب اور خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ ہم یہ حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں‘۔
خطے کی سلامتی اور جغرافیائی سالمیت کے لئے کسی بھی خطرے کے خلاف پاکستان مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یک جہتی اور اس کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔