Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسروقہ مویشی آدھی قیمت میں فروخت کرنے والا گروہ گرفتار 

پولیس نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
مکہ ریجن میں پولیس نے مویشی چرانے والے 10 رکنی گروہ کو گرفتارکرلیا۔ ملزمان انتہائی منظم انداز میں واردات کرتے اور مسروقہ مویشی آدھی قیمتوں پر فروخت کردیا کرتے تھے۔ 
ویب نیوز سبق کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کی پولیس کو مویشی منڈی کے تاجروں کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ ان کے مویشی غائب ہو جاتے ہیں جبکہ چور کا بھی پتا نہیں چلا۔ 

پولیس نے منڈی کی خفیہ نگرانی شروع کردی تھی۔ فوٹو: العربیہ

اطلاع ملنے پر پولیس نے منڈی کی خفیہ نگرانی شروع کردی۔ ملزمان مختلف ٹولیوں میں تقسیم ہو کر واردات کیا کرتے تھے۔ 
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے بارے میں ابتدائی معلومات حاصل ہونے کے بعد خصوصی ٹیموں نے ان کی نگرانی شروع کردی۔  
پولیس گروہ کے چند افراد کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی جو انتہائی ارزاں داموں میں مویشی فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ 
دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ واردات کرنے سے قبل منڈی کی مکمل ریکی کیا کرتے تھے اور ایسے باڑوں کا انتخاب کرتے تھے جہاں نقب لگانی آسان ہو۔ 

ملزمان مویشیوں کو ہانک کر باڑے سے دور لے جاتے تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

ملزمان پہلے سے منتخب کیے گئے باڑے میں رات گئے نقب لگاتے اور مویشیوں کو ہانک کر دور لے جاتے جہاں ان کے دوسرے ساتھی لوڈنگ ٹرک کے ساتھ موجود ہوتے تھے۔ 
مسروقہ مویشی ٹرک میں لوڈ کرنے کے بعد وہ انہیں دوسرے شہر لے جا کر آدھے نرخوں میں فروخت کردیا کرتے تھے۔ 
دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ اب تک وہ 800 کے قریب مویشی چرا چکے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ان کا کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کردیا جہاں گروہ پر مقدمہ دائرکرکے ان کا چالان عدالت میں بھیجا جائے گا۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: