ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، ولی عہد کا بجٹ کے بعد خطاب
ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، ولی عہد کا بجٹ کے بعد خطاب
بدھ 16 دسمبر 2020 0:01
کورونا کے دوران نجی شعبے کو کافی مراعات دی گئیں- فوٹو ایس پی اے
ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا ہے کہ مملکت کے ویژن 2030 کے اصلاحاتی پروگرام کے ذریعے حاصل کیے گئے فوائد آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزید مستحکم ہوں گے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان نے مالی سال 2021 کے لیے پیش کیے جانے والے قومی بجٹ اجلاس کے بعد اہم نکات بیان کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’اس میں شک نہیں کہ سال 2020 ساری دنیا کے لیے مشکل ترین سال تھا، تاہم ترقی اور تعمیر کے سفر کو جاری رکھیں گے‘۔
کورونا کی وبا کے باعث دنیا کو جس چیلنچ کا سامنا کرنا پڑا ایسے میں سعودی عرب کی معیشت نے اپنی اہمیت کو تسلیم کرایا۔
ولی عہد مملکت نے مزید کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران حکومت نے نجی شعبے کوکافی مراعات دیں تاکہ شہریوں کے روزگار متاثر نہ ہوں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے رواں مالی سال کے لیے پیش کیے جانےوالے بجٹ کے حوالے سے مزید کہا بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ گزشتہ برس 2020 سے 10.3 فیصد زیادہ ہے جس سے مالی استحکام میں مدد ملے گی جبکہ امسال بجٹ خسارے کو 141 ارب ریال پر لانے کا عندیہ دیا گیا ہے جو کہ گزشتہ برس 298 ارب ریال تھا۔
ولی عہد مملکت نے واضح کیا کہ مملکت کی معیشت میں نجی شعبے میں مزید بہتری آنے کی قوی امید ہے جس کے لیے پرائیوٹ سیکٹر کو انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے علاوہ دیگر ترقیاتی امور میں بھی شرکت کے مواقع دیئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سعودی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔ فنڈ کے ذریعے آئندہ برسوں میں بہتری آئے گی جس سے ملازمت کے مزید مواقع میسر آئیں گےاور ملک کو اضافی محصولات فراہم ہوں گے۔
ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان نے تیل مارکیٹ کو مستحکم کرنے کے حوالے سے اوپیک پلس گروپ کے تعاون کو بھی سراہا ۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے امور صحت سے منسلک شہریوں اورغیر ملکیوں کے کردار کی بھی تعریف کی جنہوں نے کورونا کی وبا کے دوران ثابت قدمی سے فرائض ادا کیے۔