Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ میں وائرس کی ’معتدل علامات‘، بائیڈن کا ٹیسٹ منفی

امریکی صدر کی مشیر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا(فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چیف آف سٹاف کا کہنا ہے کہ صدر میں کورونا کی ’معتدل علامات‘ ہیں، جب کہ دوسری جانب ٹرمپ کے حریف جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کی صبح وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  ٹرمپ کے چیف آف سٹاف مارک میڈوس نے کہا کہ صدر کے حوصلے بلند ہیں۔
’امریکی عوام یقین رکھیں کہ ہمارے صدر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ دیتے رہیں گے۔ میں پرامید ہوں کہ صدر ٹرمپ جلد صحت یاب ہوں گے۔
 
دوسری جانب تین نومبر کے الیکشن میں ٹرمپ کے حریف اور ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد بائیڈن جمعے کو الیکشن مہم کے سلسلے مشی گن جائیں گے۔ 77 سالہ سابق نائب صدر مشی گن کے دوسرے بڑے شہر گرانڈ ریپڈس جائیں گے جہاں سے 2016 کے انتخابات میں ٹرمپ کامیاب ہو گئے تھے۔
قبل ازیں جمعرات کی رات کو ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کا اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ  کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ وہ خود کو قرنطینہ کر رہے ہیں۔ 
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک مشیر ہوپ ہکس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد صدر اور ان کی اہلیہ کے ٹیسٹ کرائے گئے۔
صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے اندر ہی قرنطینہ میں ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کے مطابق صدر اور ان کی اہلیہ کی صحت ٹھیک ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ قرنطینہ میں بغیر کسی خلل کے اپنے فرائض انجام دیں گے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور خاتون اول کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کرتے ہوئے قرنطینہ میں جا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی مشیر کے بارے میں لکھا کہ ’ہوپ ہکس کوئی بھی مختصر وقفہ لیے بغیر سخت محنت کر رہی تھیں، کچھ دیر پہلے ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔‘
خبررساں ادارے اےا یف پی کے مطابق امریکی صدر نے اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ کتنے دنوں تک خود کو قرنطینہ کریں گے تاہم ماہرین قرنطینہ کے لیے 14 دن تجویز کرتے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 72 لاکھ 77 ہزار پانچ سو 91 ہے جبکہ اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ سات ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق کہ اگست کے مقابلے میں ستمبر میں امریکہ کے 50 میں سے 27 ریاستوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

کئی ممالک کورونا وائرس کی ویکسین بنانے میں مصروف ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے تین کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، اب تک اس وبا سے دس لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
گذشتہ برس دسمبر کے وسط میں چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس سامنے آیا تھا۔
لیکن اس وبا سے امریکہ اور انڈیا زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

شیئر: