Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فردوس عاشق نے مریم نواز سے باکسنگ کا چیلنج قبول کر لیا

معاون برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو باکسنگ مقابلے کا چیلنج دیا ہے۔
لاہور میں باکسنگ مقابلوں کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور پاکستانی باکسر محمد وسیم بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران عامر خان نے مریم نواز اور فردوس عاشق اعوان کے درمیان باکسنگ مقابلے کا ذکر کیا تو انہوں نے اسے قبول کر لیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’ن لیگ جس مرضی باکسر کو لے آئے اور جس رنگ میں چاہے ہم اوپن چیلنج کرتے ہیں کہ پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کریں گے‘۔
چند روز قبل فٹبال کو کک لگاتے اور پھر گورنر ہاؤس میں ایک کرکٹ میچ کے دوران گورنر پنجاب چوہدری سروس کو کلین بولڈ کرنے والی فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز سے باکسنگ مقابلے کے لیے حامی ہی نہیں بھری بلکہ پریس کانفرنس کے دوران تواتر سے باکسنگ کی اصطلاحات استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن خصوصا ن لیگ کو ہدف تنقید بنائے رکھا۔
’باکسنگ چیلنج مقابلے‘ کے ذکر پر کیے گئے تبصرے میں اطلاعات کے لیے وزیراعلی کی معاون کا کہنا تھا کہ ’فائٹ ہم پلہ سے ہوتی ہے، برائلر مرغیاں کیا مقابلہ کریں گی۔‘۔
پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے وضاحت کی کہ دونوں باکسر (عامر خان اور محمد وسیم) کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں بلکہ وہ کھیل سے متعلق سرگرمی کے لیے یہاں فعال ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’لاہورکےجلسے نے اپوزیشن کوناک آؤٹ کر دیا، عمران خان کے یارکر نےمڈل اسٹمپ اڑا دی جس کے بعد جاتی امرا سے کوئی آواز بھی نہیں آرہی‘۔ کرکٹ سے باکسنگ اصطلاحات کا رخ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اپوزیشن اگلی بار رنگ میں اترنے سے پہلے پریکٹس میچ کر لے، ن لیگ کو پہلے مرحلے میں ناک آوَٹ کریں گے‘۔

سوشل میڈیا صارفین نے فردوس عاشق اعوان کی جانب سے چیلنج قبول کرنے پر کہیں ان کی حمایت کی تو کہیں اپوزیشن کے حامیوں نے اسے شہرت حاصل کرنے کے سستے طریقے سے تعبیر کیا۔ اس دوران کچھ صارفین نے پورے معاملے پر ہی ناگواری کا اظہار کیا۔

شیئر: