Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور: پولیس اہلکار کو پیٹنے والی خاتون کے خلاف مقدمہ

پولیس اہلکاروں پر تشدد کا مقدمہ لاہور کے تھانہ ڈیفنس میں درج کیا گیا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں ایک نجی ریستوران کے سامنے ملازم اور بعد میں پولیس اہلکاروں کو پیٹنے اور ان سے گالم گلوچ کرنے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
لاہور پولیس کے تھانہ ڈیفنس بی میں درج کردہ رپورٹ کے مطابق ’ضلع گجرات کی رہائشی خاتون ایک مرد کے ساتھ کافی شاپ کے باہر موجود ملازم سے ہاتھا پائی کر رہی تھی۔ اس دوران پولیس پہنچی تو مذکورہ خاتون نے اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی، گالی گلوچ اور ہاتھا پائی شروع کر دی‘۔
پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج مقدمہ کے مطابق ’خاتون نے ایک اہلکار کی جیکٹ کے بٹن توڑ دیے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے ایک نامعلوم گاڑی میں بیٹھ کر چلی گئی‘۔
مقدمہ کے اندراج سے قبل پاکستان میں سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر ایک ویڈیو زیرگردش رہی۔ ویڈیو میں ایک خاتون کی جانب سے سامنے موجود افراد کو گالیاں دینے، تھپڑ مارنے اور دھمکانے کے مناظر نمایاں تھے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو کے مناظر پر تبصروں میں صورتحال پر افسوسناک کا اظہار کیا تو کہیں معاملے کا تماشہ دیکھنے کے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
 

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا فوری طور پر کارروائی کرنے کے بجائے موقع پر موجود اہلکاروں نے تحمل کا مظاہرہ کیا تھا۔

ویڈیو پر تبصرہ کرنے والے کچھ صارفین نے معاملے کی وجہ جاننی چاہی تو کچھ نے اس میں دکھائی دینے والے ردعمل کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہاں موجود افراد کو کیا کرنا چاہیے تھا۔

 
سوشل میڈیا پر ویڈیو سے متعلق گفتگو کا حصہ بننے والے کچھ صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ ایک خاتون اتنے غصے میں آئیں اور کافی شاپ کے ملازم سمیت پولیس کا بھی سامنا کیا۔

شیئر: