Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایڈیلیڈ ٹیسٹ:’مبارک ہو! سب سے کم سکور بنانے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا‘

انڈین کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے انڈیا کے کرکٹ شائقین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی بھڑاس نکال رہے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ایسی تاریخ رقم کی ہے جس کی وجہ سے بی سی سی آئی کو سخت حزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سنیچر کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انڈیا کی پوری ٹیم ملکی تاریخ کے کم ترین سکور پر پویلین لوٹ گئی اور تمام کھلاڑی مل کر صرف 36 رنز ہی بنا پائے۔
انڈیا نے نہ صرف تاريخ میں اپنا سب سے کم سکور کیا ہے بلکہ اس کا کوئی بھی بلے باز دو ہندسوں تک نہیں پہنچ سکا۔
اس سے قبل انڈیا کا سب سے کم سکور 42 رنز تھا جو اس نے سنہ 1974 میں لارڈز کے میدان پر انکلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔
اب ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف 36 رنز بنا کر انڈیا نے اپنا ریکارڈ مزید خراب کر لیا ہے۔  اب تک کے سب سے کم ٹیسٹ سکور کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے نام ہے جو اس نے انگلینڈ کے خلاف آکلینڈ میں سنہ 1955 میں بنایا تھا۔
خراب کارکردگی کی وجہ سے انڈیا کے کرکٹ شائقین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی بھڑاس نکال رہے ہیں۔
انڈیا کے ٹوئٹر پر انڈیا آسٹریلیا کے ساتھ' لوئیسٹ' یعنی سب سے کم ٹرینڈ کر رہا تھا اور اس وقت India Vs Aus اور اس قسم کے مختلف ہیش ٹیگز سے صارفین اس میچ پر تبصرے کر رہے ہیں۔

اروپ بی نامی صارف نے کرک انفو کی فہرست کے ساتھ کوہلی اور سوربھ گانگولی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ 'ایک ارب سے زیادہ کرکٹ کے مداح، دنیا کا سب سے امیر کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی جو کہ سب سے بڑا ٹورنامنٹ آئی پی ایل کراتا ہے اور پھر اس نے 2020 میں اپنا سب سے کم ٹیسٹ سکور کا ریکارڈ بنایا۔ کوئی بھی کھلاڑی دو ہندسوں میں نہ جا سکا۔انتہائی شرمناک!‘

کرکٹ کے اعدادوشمار رکھنے والے مظہر ارشد نے لکھا ہے کہ ’انڈیا نے اپنا سب سے کم سکور کیا ہے اور گذشتہ 65 سال میں یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے کم سکور ہے۔‘

ایک اور صارف اریہانت جیجانی نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’مبارک ہو آج سب سے کم سکور بنانے کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔‘

ٹیز الیاس کے نام سے ٹوئٹر صارف نے جملہ کسا کہ ’میں نے انڈیا کی 36 کی اننگز سے زیادہ لمبے دورانیے ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھی ہیں۔‘

سپورٹس اتھارٹی کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے ایک میم شیئر کی جس میں فلم کے ایک کردار کو یہ کہتے دکھایا گیا تھا کہ ’اب انڈر گراؤنڈ ہونے کا وقت آ گیا ہے۔‘ ٹوئٹر صارف نے اس ڈائیلاگ کو انڈین کرکٹ کوچ روی شاستری سے منسوب کیا۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ جب کوئی بھی کھلاڑی دو ہندوسوں میں نہ پہنچا ہو۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کا کوئی بھی کھلاڑی 30 رنز بنانے میں دو ہندسوں میں نہ پہنچا تھا۔ لیکن اس میں ایکسٹرا رن 11 تھا۔
انڈیا کے معاملے میں ایکسٹرا رن کوئی نہیں ہے تاہم ٹیم کا کوئی کھلاڑی دو ہندسوں میں نہیں پہنچ سکا ہے۔
انڈین کرکٹ  شائقین کبھی دھونی کو یاد کر رہے ہیں تو کبھی روہت شرما کو اور وہ وراٹ کوہلی کے ساتھ گانگولی اور روی شاستری کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

شیئر: