پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی سعودی عرب کے لیے پروازیں منسوخ
لاہور سے جدہ اور جدہ سے لاہور آنے والی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)
سعودی عرب کی جانب سے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت پر ایک ہفتے کے لیے عارضی پابندی عائد کیے جانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے 21 دسمبر کی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
پیر کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق سعودی عرب میں غیر ملکی پروازوں کی آمد پر پابندی ایک ہفتے کے لیے عائد کی گئی ہے جس کے پیش نظر پی آئی اے نے آج پیر کو سعودی عرب جانے اور آنےوالی 18پروازیں منسوخ کی ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق پی کے 9739 اور 9760 ملتان جدہ لاہور منسوخ کردی گئی ہے۔
پی آئی اے کی لاہور سے جدہ اور جدہ سے لاہور آنے والی، اسلام آباد سے دمام اور دمام سے اسلام آباد، کراچی تا مدینہ اور مدینہ سے کراچی آنے والی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کا اجازت نامہ دوبارہ حاصل نہیں ہوتا پروازیں منسوخ رہیں گی۔
تمام متاثرہ مسافروں کو پروازیں بحال ہوتے ہی پروازوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں کورونا کی نئی شکل سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت پر ایک ہفتے کے لیے عارضی پابندی عائد کردی ہے-
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ نے وزارت داخلہ کے حوالے سے کہا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں پر عارضی پابندی کورونا وائرس کی نئی شکل کے سامنے آنے کے بعد لگائی گئی ہے۔ کورونا کی یہ نئی قسم برطانیہ سمیت مختلف یورپی ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔
وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ فضائی پابندی ایک ہفتے کے لیے عائد کی گئی ہے تاہم اس میں ایک ہفتے کی مزید توسیع ہوسکتی ہے- عرب نیوز کے مطابق مملکت نے تمام زمینی اور سمندری راستے بھی بند کر دی ہیں۔