Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ٹی 20: نیوزی لینڈ کی پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست

پاکستان کے ابتدائی تینوں بلے بازوں کو جیکب ڈفی نے آؤٹ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 
آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف سات گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔

 

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل چھ رنز بنا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ ٹِم سیفرٹ نے 57 رنز بنائے۔ ان کو بھی شاہین آفریدی نے پویلین بھیجا۔
مارک چیپمین نے 34 رنز بنائے ان کو حارث رؤف نے اپنے ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔ ان سے قبل گلن فلپس 23 رنز بنا کر حارث کا نشانہ بنائے۔ حارث نے ڈیون کانوے کو پانچ رنز پر آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم اوپنرز کارکرگی دکھانے میں ناکام رہے۔ کیوی بولرز کے خلاف کپتان شاداب خان نے زبردست مزاحمت کی اور شاندار 42 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے 31 رنز بنائے۔
اوپنر عبداللہ شفیق دوسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔ چوتھے اوور میں محمد رضوان 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 20 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب تجربہ کار محمد حفیظ بغیر کھاتہ کھولے چلتے بنے۔
پاکستان کے ابتدائی تینوں بلے بازوں کو جیکب ڈفی نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی 20 کے سکور پر ہی گری جب حیدر علی بولر سکاٹ کگلیجن کو انہی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
مشکلات میں گھری ٹیم کے سکور کو شاداب خان نے خوشدل شاہ کے ساتھ مل کر آگے بڑھایا مگر 20 گیندوں پر 16 رنز بنا کر شاہ نے سودھی کی گیند پر گپٹل کو کیچ تھما دیا۔
چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عماد وسیم تھے جو 19 رنز بنا سکے۔ شاہین آفریدی دس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

شیئر: