اجتماعات کے انعقاد سے گریز کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
مصری وزارت سیاحت و آثار قدیمہ نے سالِ نو کی تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔ اس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے اجتماعات کے انعقاد سے گریز کرنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق خصوصی تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم مصطفی کمال مدبولی کی ہدایات کے مطابق کیاگیا ہے۔
عالمی وبا کے بحران سے نمٹنے والی انتظامی سپریم کمیٹی کی میٹنگ میں یہ ہدایات کی گئی تھیں۔
سیاحت اور آثار قدیمہ کے نائب وزیر عبدالفتاح العسی نے سالِ نو کے موقع پر اجتماعات سے محفوظ رہنے کے لئے تمام ثقافتی اور سیاحتی تقریبات پر پابندی عائد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ماضی میں اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کا سختی سے نفاذ کرنے کی بھی تاکید کی۔
انہوں نے کہا کہ جو ریستوران، کیفے اور ہوٹل ان اقدامات پر عملدرآمد نہیں کریں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
قبل ازیں وزیر اعظم مصطفی مدبولی کی زیر صدارت اجلاس کے دوران دیگر وزرا اور اعلیٰ حکام نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں اور ویکسین کی فراہمی کے بارے میں پر بحث کی۔
وزارت سیاحت و آثار قدیمہ نے سیاحتی اداروں کے چیمبر کےلئے اپنے انتباہات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاحتی ریستوران اور کیفے ، کابینہ کی جانب سے طے کئے گئے اوقاتِ کار کی سختی سے پابندی کریں۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر سیاحت و آثارقدیمہ ڈاکٹر خالد العنانی کے فیصلے کے مطابق تمام نائٹ کلبز تاحکم ثانی بند رہیں گے۔
یہ اقدام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی ریاستی کوششوں کے تناظر میں کیاگیا ہے۔
دریں اثنا گلوکار ، سال نو کے حوالے سے اپنے پروگراموں کا شیڈول پہلے ہی طے کر چکے تھے تاہم نئے فیصلے نے انہیں مشکل میں ڈال دیا ہے۔
کئی منتظمین نے ان لوگوں کورقوم واپس کرنے پر زور دیا ہے جنہوں نے نئے سال کی پارٹیوں کے لئے پیشگی طور پر اپنی میزیں محفوظ کرا رکھی تھیں۔
گلوکاروں نے اپنے فن کے مظاہرے کے لئے تقریباً ناممکن شرائط مرتب کی تھیں۔ ان شرائط میں اپنی فیسوں کی 50 فیصد ادائیگی شامل ہے جو عموماً 5 لاکھ مصری پاؤنڈز کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ یہ رقم ناقابل واپسی ہوتی ہے خواہ پارٹی منسوخ کیوں نہ ہو جائے۔
عبدالفتاح العسی نے کہا ہے کہ وزارت نے سیاحتی اداروں کے لئے سفارشات جاری کی تھیں تاکہ سال نو کے موقع پر اجتماعات پر پابندی لگائی جا سکے۔
ہم لوگوں کو پریشان نہیں کرنا چاہتے لیکن ساری دنیا کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان اقدامات میں اجتماعات پر پابندی اور ہوٹلوں کی بندش شامل ہے۔
وزارت کی ٹیمیں سیاحتی اداروں میں ان احتیاطی تدابیر کے نفاذ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
وزارت نے زور دے کر کہا کہ ہالز میں شادیوں، پارٹیوں، خاص مواقع اور اجتماعات کے انعقاد پر اس وقت تک پابندی رہے گی جب تک ان ہالز کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ نہیں کر لیاجاتا۔