پاکستانی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس طرح پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ واش سے بچ گئی تاہم نیوزی نے سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی۔
نیپئر میں پاکستانی بلے بازوں نے 174 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد رضوان نے سب سے زیادہ 89 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں تین چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ 41 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ مزید پڑھیں
خوش دل شاہ 13 اور حیدر علی 11 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤٹھی اور سکاٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیمز نیشم اور کائل جیمی سن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیوون کونوے نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔ شاداب خان نے حارث رؤف کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔
نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل اور سائفرٹ نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا۔ مارٹن گپٹل 19 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، شاداب خان نے ان کا کیچ لیا۔
ولیم سن ایک رن جبکہ ٹم سائفرٹ 35 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی بال پر بولڈ ہوگئے۔ گلین فلپس 31 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔
جیمز نیشم صرف دو رنز بنا سکے، فہیم اشرف کی گیند پر شاداب خان نے ان کا کیچ لیا۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔