ریاض ریجن میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب کے مختلف ریجنز میں جمعہ کے روز کورونا وائرس کے مزید 178 کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد اب تک مجموعی مریضوں کی تعداد تین لاکھ 61 ہزار 903 تک پہنچ گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے نو افراد ہلاک ہوئے۔ کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار 168 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے ایک ہی دن میں 207 افراد صحت یاب ہوئے اب تک اس مہلک مرض سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ 52 ہزار 815 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق ریاض ریجن میں مریضوں کی تعداد 44 رہی جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 31 ، 31 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
مشرقی ریجن میں مریضوں کی تعداد 29 جبکہ عسیر اور تبوک ریجنز میں 9 ، نو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
شمالی حدود ریجن میں مریضوں کی تعداد 7 رہی جبکہ قصیم ریجن میں 6 افراد کورونا کا شکار ہوئے ، الباحہ ریجن میں 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔