Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تنقل‘ ایپ سے 15 ہزار سے زائد عمرہ زائرین مستفید

تنقل ایپ سے معمرعمرہ زائرین کو کافی سہولت ہو گئی (فوٹو: سبق)
ادارہ امور حرمین شریفین کے زیر انتظام عمرہ زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی وہیل چیئر بکنگ کی ایپ ’تنقل‘ سے اب تک 15 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ 
مسجد الحرام میں ادارہ ٹرانسپورٹیشن سروسز کے ڈائریکٹر فہد المالکی نے بتایا کہ مسجد الحرام میں ضرورت مند عمرہ زائرین کے لیے الیکٹرانک اور عام وہیل چیئر کے پیشگی حصول کے لیے لانچ کی گئی ایپ ’تنقل‘ کافی مقبول ہو رہی ہے۔ 
ایپ کے ذریعے ضرورت مند و معمرعمرہ زائرین کو طواف بیت اللہ اور سعی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ادارہ کی جانب سے الیکٹرانک وہیل چیئر کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ 
انتظامیہ کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے ’تنقل ایپ‘ کے ذریعے وہیل چیئرز کی بکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ انہیں وہیل چیئر حاصل کرنے کے لیے انتظار نہ کرنا پڑے۔ 
تنقل ایپ کے ذریعے وہیل چیئر حاصل کرنے والے مقررہ وقت کے مطابق پہلے سے بکنگ کر لیتے ہیں۔ ادارے کی جانب سے وہیل چیئر کی بکنگ کے ساتھ ہی کرایہ ادا کرنے کا بھی پیشگی انتظام کیا گیا ہے تاکہ انہیں وہاں پہنچ کرکسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
یاد رہے کورونا وائرس کی وبا کے بعد عمرہ زائرین کو منظم کرنے اور سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنے کے لیے محدود پیمانے پر زائرین حرم کو پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں جو وزارت حج وعمرہ کی ایپ ’اعتمرنا‘ کے ذریعے حاصل کیے جاتے ہیں۔  

پرمٹ میں عمرہ کی ادائیگی اور واپسی کا وقت مقرر ہوتا ہے- (فوٹو: ٹوئٹر)

اعتمرنا ایپ کے ذریعے جاری کیے جانے والے پرمٹ میں عمرہ کی ادائیگی اور واپسی کا وقت مقرر کردیا جاتا ہے۔  وقت کی پابندی کا مقصد عمرہ زائرین اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت ادا کرنے والوں کو منظم کرنا ہے تاکہ سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ 
محدود وقت کے پیش نظر ’تنقل ایپ ‘ کی سہولت سے معمر اور بیمار عمرہ زائرین کو کافی سہولت ہوگئی ہے جس کے مطابق وہ پہلے ہی وہیل چیئر بک کرلیتے ہیں جو انہیں وقت مقررہ پر فوری طور پر مہیا کر دی جاتی ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: