Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بدھ سے جمعہ تک مختلف شہروں میں بارش کا امکان

ہائی ویز پر سفر کرنے والے وائپرز درست کرالیں- (فوٹو عاجل)
قومی محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کل بروز بدھ سے جمعہ تک مملکت کے مختلف ریجنز میں بارش کا قوی امکان ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے کہا ہے کہ کل بروز بدھ سے ریاض، مشرقی ریجن ، شمالی حدود، الجوف، تبوک، حائل اور قصیم ریجنز میں کہیں ہلکی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ جمعہ کے روز تک جاری رہے گا۔ 
موسمیاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور الباحہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ہونے والی بارش سے برساتی پانی نشیبی علاقوں میں جمع ہونے سے ندی اور نالوں میں سیلابی کیفیت بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ 
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے حوالے سے شہری دفاع کا کہنا ہے کہ متوقع بارش کی وجہ سے شاہراہوں پر سفر کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شہری دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ہائی وے پرسفر کے لیے نکلنے سے قبل گاڑی کے وائپرز کا معائنہ ضرور کرلیا جائے خراب وائپرز کی وجہ سے بارش کے دوران سفر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 
تفریح  کے لیے پہاڑی علاقوں میں جانے والوں کو بھی خصوصی احتیاط اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اس حوالے سے محکمہ کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں قیام کرنے سے گریز کریں علاوزہ ازیں برساتی پانی کے بہاو کے راستوں میں پڑاؤ نہ ڈالیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: