Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں کورونا کی نئی قسم کے چند کیسز کی تصدیق

متاثرہ مریضوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں بھی کورونا کی نئی تبدیل شدہ قسم کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ جن افراد میں نئے کورونا کی تشخیص ہوئی ہے وہ بیرون ملک سے آئے تھے۔ 
اماراتی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عمر الحمادی نے منگل کو منعقدہ پریس کانفرنس میں اس امر کی تصدیق کی ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے چند مسافروں میں کورونا کی نئی شکل کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 

بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا معائنہ کیا جاتا ہے(فوٹو العربیہ)

اماراتی اخبار ’امارت الیوم‘ نے ترجمان صحت کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مریضوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے جبکہ انکی حالت کا تفصیلی مطالعہ کیا جارہا ہے۔ 
ڈاکٹر الحمادی نے گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا کیسز کے حوالے سے مزید بتایا کہ ’برطانیہ میں ظاہر ہونے والے نئے کورونا وائرس کے حوالے سے موصول ہونے والی رپورٹس پر ماہرین باقاعدگی سے غور کررہے ہیں، اس حوالے سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا باقاعدہ طبی معائنہ کیا جاتا ہے‘۔ 
ترجمان صحت نے کورونا ویکسین کے حوالے سے پریس کانفرنس میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چینی ویکسین ’سینوفارم‘ کے کلینیکل ٹرائلز جاری ہیں جن میں اب تک 86 فیصد کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ سابقہ تجربات کے سو فیصد نتائج برآمد ہوئے تھے۔ 
ڈاکٹر الحمادی نے کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں کہا کہ مقررہ ضوابط پر عمل کرنا ہر ایک کے لیے ضروری ہے تاکہ کورونا اور اسکی نئی تبدیل ہونے والی شکل کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جاسکے۔

 

امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: