برطانیہ میں ایسٹرا زینیکا ویکسین کی منظوری
برطانیہ ایسٹرا زنیکا اور آکسفورڈ کی ویکسین منظور کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ میں دواساز کمپنی ایسٹرا زینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے بنائی گئی کورونا وائرس ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ویکسین کی بڑی پیمانے پر تقسیم 4 جنوری سے شروع ہوگی۔
اس ویکسین کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ ریفریجریٹر کے معمولی حالات میں رکھا جا سکتا ہے۔ اسی لیے یہ ویکسین فائزر اور بائیو ان ٹیک اور ماڈرنا کی ویکسین سے زیادہ سستی اور استعمال میں آسان ہے، جنہیں فریز کرنےکی ضرورت ہوتی ہے۔
برطانیہ میں ویکسین کی منظوری ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آئی ہے جس کی وجہ سے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک کا کہنا ہے کہ برطانیہ پہلا ملک ہوگا جو یہ ویکسین 4 جنوری کو تقسیم کرنا شروع کرے گا۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ 'امید کے اس لمحے کے ساتھ یہ 2020 کا بہترین اختتام ہے۔'
واضح رہے کہ ایسٹرا زینیکا نے 23 نومبر کو ویکسین کے ٹرائل کا ڈیٹا جاری کر دیا تھا۔
کمپنی نے کہا تھا کہ ویکسین اوسطاً 70 فیصد تک کورونا سے تحفظ فراہم کرے گی جبکہ 90 فیصد تک ان افراد میں کارآمد ثابت ہوئی ہے جن کو آدھی خوراک لگانے کے بعد ویکسین کی ایک مکمل خوراک لگائی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ، 'کورونا وائرس کی ویکسین وبا سے نکلنے کے لیے ہمارا راستہ ہے۔۔۔'
اس سے قبل حکومت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے، 'آج میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگیولیٹری ایجنسی کی آکسفورڈ یونیورسٹی اور ایسٹرازینیکا کی کووڈ 19 ویکسین استعمال کرنے کی سفارش منظور کر لی۔'
برطانیہ کے محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی منظوری سے قبل بہت سے کلینیکل ٹرائل کیے گئے تھی اور میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگیولیٹری ایجنسی میں ماہرین نے ڈیٹا کا بھرپور معائنہ کیا تھا، جس سے یہ تنیجہ اخذ کیا گیا کہ ویکسین صحت اور آفادیت کے معیار پر پورا اترتی ہے۔
اتوار کو ایسٹرا زینیکا کے چیف ایکزیکٹیو پیسکل سوریوٹ نے کہا تھا کہ ویکسین کووڈ کی بیماری، جس کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت پڑتی ہے، سے 'ایک سو فیصد حفاظت دیتی ہے'۔
انہوں نے پیشن گوئی کی کہ ٹرائلز سے پتا چلے گا کہ ان کی کمپنی نے فائز اور بائیو این ٹیک کی ویکسین جو کہ 95 فیصد موئثر ہے اور ماڈرنا جو کہ 94.5 فیصد موئثر ہے، کے برابر کے اثر والی ویکسین بنائی ہے۔
پہلے ہونے والے ٹرائلز میں ایسٹرا زینیکا کی خوارک کے اثر کے مختلف نتائج سامنے آئے تھے۔
ابتدا میں ویکسین 70 فیصد موثر پائی گئی لیکن خوراک کے طریقے نے اسے بڑھا کر ۹۰ فیصد تک پہنچ گیا۔
برطانیہ اور برازیل میں ویکسین کے بڑے پیمانے پر ٹرائلز میں دیکھا گیا تھا کہ ویکسین کی دو مکمل خوراکیں جنہیں دی گئی تھیں ان پر یہ 62 فیصد موئثر رہی۔
وہ افراد جنہوں نے پہلے آدھی خوراک اور پھر ایک مہینے بعد مکمل خوراک لی، ان میں ویکسین 90 فیصد موئثر رہی۔