آٹھ یورپی ممالک کو فائزر ویکسین کی فراہمی میں تاخیر
یورپی ممالک میں فائزر ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
امریکی دواساز کمپنی ’فائزر‘ کی جانب سے آٹھ یورپی ممالک کو کورونا ویکسین کی مزید خوراکوں کی فراہمی میں تاخیر ہوگئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یورپی یونین کے کورونا ویکسین لگانے کی مہم کے آغاز کے ایک دن بعد ہی فائزر کمپنی نے ویکسین کی فراہمی میں تاخیر کا کہا ہے۔
سپین سمیت آٹھ یورپی ممالک کو ویکسین کی اضافی خوراکیں تاخیر سے ملیں گی، تاہم یہ وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ سپین کے علاوہ کون سے یورپی ممالک متاثر ہوں گے۔
سپین میں واقع فائزر کی برانچ نے اتوار کی رات کو سپین کی حکومت آگاہ کر دیا تھا کہ شپمنٹ کے مسائل کی وجہ سے یلجیم پلانٹ سے ویکیسن کی بروقت ترسیل ممکن نہیں ہو سکی ہے۔
تاہم بعد میں فائزر کمپنی نے سپین کی وزارت صحت کو بتا دیا کہ مسئلہ حل ہو گیا ہے، ویکسین منگل کے روز سپین میں پہنچ جائے گی۔
سپین کے وزیر صحت نے بتایا کہ شپمنٹ کا درجہ حرارت مناسب نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
ویکسین کو سٹور کرنے کے لیے منفی 70 ڈگری کا درجہ حرارت درکار ہوتا ہے۔ جب کہ سٹور سے نکالنے کے بعد استعمال کے دوران ویکسین کو دو سے آٹھ سینٹی گریڈ پر رکھا جاتا ہے تاکہ وہ اگلے پانچ دن تک مؤثر رہ سکے۔
اگلے تین ماہ تک سپین کو ہر ہفتے ویکسین کی تین لاکھ 50 ہزار خوارکیں موصول ہوں گی۔
اکثر یورپی ممالک میں فائزر کی ویکسین لگانے کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر لیا گیا ہے۔ اس دوران عمر رسیدہ افراد، طبی عملے اور سیاستدانوں کو سب سے پہلے ویکسین لگائی جائے گی